کپڑا گودام میں لگی آگ، لاکھوں مالیت کے کپڑے جل کر خاک

تاثیر،۱۶  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

گنا، 16 نومبر:بوہرہ کمپلیکس گلی کی کپڑا گودام میں بدھ کی دیر رات آگ لگ گئی۔ گودام سے دھواں اٹھتا دیکھ کر لوگوں نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر رات بھر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ باہر سے آگ ٹھنڈی ہونے لگی لیکن گودام کے اندر کپڑے جلتے رہے۔ جمعرات کی صبح آگ پر قابو پالیا گیا۔ لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے خاک ہو گئے۔بوہرہ کمپلیکس کی گلی میں چودھرن کالونی کے رہنے والے سدیپ جین کا کپڑوں کا گودام ہے۔ گودام میں ساڑیاں اور دیگر کپڑے رکھے ہوئے تھے۔ گودام میں بدھ کی دیر رات ایک بجے آگ لگ گئی۔ لوگوں کی طرف سے اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور رات بھر آگ بجھانے کا کام چلا،جمعرات صبح آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ وویک کمار کھتری نے کہا کہ آگ لگنے کی صحیح وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہو گی۔