تاثیر،۲۹ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
لاہور،29نومبر:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ میں نئے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ احمد شہزاد سمیت سب کے لیے دروازے کھلے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ ہمیشہ اچھا تعلق رہا ہے اور ہم بہت عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں، میری اور بابر کی انڈر اسٹینڈنگ بہت اچھی ہے۔شان مسعود نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے بیٹنگ کے لیڈر ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ٹیم میں ہر شعبے کا ایک لیڈر ہو۔انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کامیاب کپتان رہ چکے ہیں اور ان کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہے، سرفراز احمد کا ٹیم میں ساتھ ہونا بہت اچھی بات ہے، وہ ہمارے سیٹل وکٹ کیپر بیٹر ہیں۔شان مسعود نے کہا کہ محمد رضوان کی ہمیں بحیثیت بلے با ز کی حیثیت سے ضرورت پڑ سکتی ہے، کمبی نیشن کا فیصلہ وہاں کی کنڈیشنز کے مطابق کریں گے، نسیم شاہ کا نہ ہونا ہمارے لیے بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا بڑی بات ہے اور کپتانی کرنا اس سے بڑی بات ہے، ملتان سلطانز کی کپتانی اینڈی فلاور کی موجودگی میں ملنا میرے لیے ٹرننگ پوائنٹ تھا اور ڈربی شائر کی کپتانی نے بھی مجھے بہت تجربہ دیا۔