تاثیر،۱۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
امروہہ، 16نومبر:ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میںانڈیا نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں فاسٹ بولر محمد شامی نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی سات وکٹیں لے کر شکست سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ یوپی کے امروہہ ضلع کے رہنے والے محمد شامی کی اس شاندار کارکردگی کے بعد ان کے گاؤں میں جشن کا ماحول ہے۔ ٹیم انڈیا کی جیت کے بعد ان کے آبائی گاؤں سہس پور علی نگر میں زبردست آتش بازی کی گئی اور جشن منایا گیا۔ محمد شامی کے کزن نے کہا کہ یہ ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ جب وہ گاؤں آئیں گے تو ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔محمد شامی کے کزن زید نے ان کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب شامی بھائی گیند لے کر میدان میں آتے ہیں،تو ان سے امید کی جاتی ہے کہ وہ ٹیم انڈیا کے لیے کچھ وکٹ ضرور حاصل کریں گے۔ شامی بھائی کوپہلے موقعہ ملنا چاہیے تھا، لیکن نہ مل سکا ، جب انہیں موقع ملا، پھر اس نے زبردست واپسی کی۔پہلے میچ میں انہوں نے پانچ وکٹیں لیں، پھر چار، پھر پانچ، پھر دو اور اب سیمی فائنل میں سات وکٹ لے کر انڈیا کو ورلڈ کپ جیتنے میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ہمارے لیے یہ لمحہ قابل فخر ہوتا ہے ، جب شامی بھائی گیند لے کر آتے ہیںتو پورا اسٹیڈیم ناچنے لگتا ہے، وہاں بیٹھے تماشائی ’شمی شمی‘ کے نعرے لگاتے ہیں،یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ محمد شامی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ان کے کزن نے کہا کہ شامی نے جو کارکردگی سیمی فائنل میں دی ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بنیں گے۔ویرات کوہلی بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انہیں فائنل میں ایک اور سنچری بنا کر ٹیم انڈیا کو جیت دلانی چاہیے، جب شامی آئیں گے تو ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا، لوگ ان کے لیے بہت پرجوش ہیں۔خیال رہے کہ ورلڈ کپ میں محمد شامی کی شاندار کارکردگی کے بعد ان کے آبائی ضلع امروہہ میں جشن کا ماحول ہے، لوگ اپنے اپنے انداز میں ٹیم انڈیا کی جیت کا جشن منا رہے ہیں۔ شامی کی شاندار کارکردگی کے حوالے سے امروہہ کے نوجوان پینٹر ذہیب خان نے کوئلے سے ان کی تصویر بنائی ہے۔ یہ تصویر آٹھ فٹ اونچی دیوار پر بنائی گئی ہے، اس کے ساتھ انہوں نے شامی کو ’’بیسٹ آف لک‘‘ کہا ہے۔