تاثیر،۲۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
امپھال،20؍نومبر:اتوار کو امپھال ہوائی اڈے کے قریب ایک نامعلوم فلائنگ آبجیکٹ (یو ایف او) نظر آنے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد، ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) نے اپنے رافیل لڑاکا طیارے کو ان کی تلاش میں روانہ کیا۔اتوار کی دوپہر ڈھائی بجے کے قریب امپھال ہوائی اڈے پر ایک نامعلوم اڑتی چیز دیکھی گئی، جس کے بعد کچھ تجارتی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔دفاعی ذرائع نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا، “امپھال ہوائی اڈے کے قریب یو ایف او کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد، قریبی ایئربیس سے ایک رافیل لڑاکا طیارے کو یو ایف او کی تلاش کے لیے بھیجا گیا‘‘۔انہوں نے کہا، “جدید سینسرز سے لیس طیارے نے مشتبہ علاقے میں UFOs کی تلاش کے لیے بہت نچلی پرواز کی، لیکن اسے وہاں کچھ نہیں ملا…” انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے طیارے کی واپسی کے بعد ایک اور رافیل فائٹر طیارہ بھیجا، لیکن پورے علاقے میں کہیں بھی کوئی UFO نظر نہیں آیا۔امپھال ہوائی اڈے سے پروازوں کے لیے کلیئرنس ملنے کے فوراً بعد، آئی اے ایف کے شیلانگ ہیڈ کوارٹر ایسٹرن کمانڈ نے کہا کہ اس نے فضائی دفاعی ردعمل کے طریقہ کار کو فعال کر دیا ہے، حالانکہ اس نے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں کوئی خاص تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔ہندوستانی فضائیہ کے رافیل لڑاکا طیارے مغربی بنگال کے ہاشمارا ایئربیس پر تعینات ہیں اور وہ چین کی سرحد کے ساتھ مشرقی علاقے کے مختلف ہوائی اڈوں سے پرواز کرتے رہتے ہیں۔ رافیل لڑاکا طیاروں نے حال ہی میں چین کی سرحد پر فضائیہ کی میگا مشق ‘ایسٹرن اسکائی’ میں بھی حصہ لیا۔