اپنے فیس بک دوست سے شادی کرنے پاکستان جانے والی انجو کی وطن واپسی

تاثیر،۳۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

امرتسر،30؍نومبر:فیس بک فرینڈ سے شادی کرنے پاکستان جانے والی بھارتی خاتون انجو بدھ کو واہگہ اٹاری بارڈر کے راستے بھارت واپس پہنچ گئی۔ انجو عرف فاطمہ (34) اپنے دو بچوں کو بھارت میں چھوڑ کر پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ایک دور افتادہ گاؤں میں اپنے فیس بک دوست نصر اللہ سے شادی کرنے چلی گئی تھی۔ انجو کا پاکستانی شوہر اسے ڈراپ کرنے واہگہ بارڈر آیا تھا۔ہندوستان پہنچنے پر انجو کو میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ دہلی آنے کے لیے سیدھی ایئرپورٹ چلی گئیں۔ یہاں انجو کو سری گرو رام داس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر برقعہ پہنے دیکھا گیا۔ انجو نے میڈیا کو بتایا، “میں یہاں اپنے ہندوستانی خاندان سے ملنے آئی ہوں، میں اپنی مرضی سے ہندوستان واپس آئی ہوں…”انجو جولائی میں ویزہ لے کر واہگہ اٹاری بارڈر کے راستے پاکستان گئی تھی۔ نصراللہ سے شادی کے بعد اس نے اسلام قبول کر لیا اور اپنا نام فاطمہ رکھ لیا۔ انجو کے بھارتی شوہر اروند نے کہا تھا کہ وہ جے پور جانے کے بہانے گھر سے نکلی تھی لیکن بعد میں گھر والوں کو معلوم ہوا کہ وہ پاکستان میں ہے۔انجو اپنے ہندوستانی شوہر کے ساتھ راجستھان کے بھیواڑی میں رہتی تھی۔ وہ اصل میں اتر پردیش کے کیلور گاؤں کی رہنے والی ہے۔ بھیواڑی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دلیپ سینی نے بدھ کو کہا کہ انہیں انجو کی واپسی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اروند اب بھیواڑی میں نہیں رہتا ہے اور اپنے بچوں کے ساتھ کہیں چلا گیا ہے۔