اے ایم یو گرلز اسکول میں یوم سرسید کے موقع پر انٹر اسکول پروگراموں کا اہتمام

تاثیر،۳  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 3 نومبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی گرلز اسکول کی جانب سے سرسید احمد خاں کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا گیا جس میں اے ایم یو کے مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور اپنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انعامات حاصل کئے۔
انٹر اسکول نظم خوانی مقابلے میں اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) کی شاذیہ اور جویریہ کی ٹیم نے اوّل انعام حاصل کیا جب کہ اے ایم یو گرلز اسکول کی مسکان ظہیر اور زنیرہ خان کو دوم انعام ملا۔ اسی طرح سینئر سکنڈری اسکول گرلز کی طالبات پریتی اور نبیلہ نوشین نے سوم انعام حاصل کیا۔ اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول کی طالبات الفیہ ناز اور تبسم پروین کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔
اسکول کی سطح پر نویں سے بارہویں جماعت کی طالبات کے لئے منعقدہ مہندی ڈیزائننگ کے مقابلے میں نور فاطمہ اور حبا خان نے پہلا انعام، فرزین فاطمہ نے دوم انعام اور سعدیہ پروین اور مستبشرہ ظفر نے سوم انعام حاصل کیا۔ الفیشہ راحت کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔
اسی طرح چھٹی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی طالبات کے گروپ میں علیشا اور سارہ کلثوم نے پہلا انعام، شاذیہ اور رابعہ نے دوسراانعام اور اقرا ناز اور سمیعہ راشد نے مشترکہ طور پر تیسرا انعام حاصل کیا۔ خنسہ خان کو حوصلہ افزائی انعام ملا۔
سمیعہ احمد نے ’سرسید احمد خاں: عظیم وژن کے حامل انسان‘ موضوع پر منعقدہ انٹرا اسکول مضمون نویسی مقابلے میں پہلا انعام حاصل کیا۔ دوسرا انعام زویا فاطمہ اور اذکا شفیہ خان نے اور تیسرا انعام بھویہ سکسینہ اور آفرین خاتون نے مشترکہ طور پر حاصل کیا۔
انٹرا سکول بیت بازی مقابلے میں فاطمہ حسن کو اوّل، مریم کو دوم اور بشریٰ خان کو سوم انعام کا مستحق قرار دیا گیا ۔
انٹرا سکول کوئز مقابلے میں وارہ فاطمہ نے اوّل انعام جیتا جبکہ نازیہ نذیر اور اسماء خاتون نے مشترکہ طور پر دوم اور آنیا سورنیما، ورتیکا چوہان اور اکشیتا سنگھ نے مشترکہ طور سے سوم انعام حاصل کیا۔ زینب کو حوصلہ افزائی انعام دیا گیا۔
ڈاکٹر محمد حنیف، شعبہ اردو، ویمنس کالج اور جناب فضل الرحمان، اسسٹنٹ پی آر او نے نظم خوانی مقابلے میں جج کے فرائض انجام دئے۔
قبل ازیں ججوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسکول کی پرنسپل محترمہ آمنہ ملک اور وائس پرنسپل محترمہ عرشی ظفر خان نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ پورے جوش و جذبے اور مثبت رویہ کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیں کیونکہ اس سے ان کی شخصیت کا ارتقاء ہوگا اور مثبت فکر پیدا ہوگی۔
نظم خوانی مقابلے میں اے ایم یو کے سات اسکولوں کی نمائندگی تھی۔ اس موقع پر مسٹر عالم نے سرسید پر ایک نظم پیش کی جبکہ بھویہ سکسینہ نے سرسید کے اقوال پیش کئے۔
خدیجہ خان نے پروگرام کی نظامت کی ، جب کہ طیب فاطمہ مظہر نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔