تاثیر،۲۵ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 25 نومبر:سکھ عقیدت مندوں کا ایک گروپ ہفتہ کی صبح امرتسر سے گرودوارہ ننکانہ صاحب میں سری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرو کو منانے کے لیے پاکستان کے لیے روانہ ہوا۔ اس گروپ کی قیادت خوشویندر سنگھ بھاٹیہ کر رہے ہیں، جو شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی ) کی اندرونی کمیٹی کے رکن ہیں۔ پروگراموں میں شرکت کے لیے یہ دورہ دونوں ممالک کی باہمی رضامندی سے منعقد کیا جا تا ہے۔
ایس جی پی سی کے سکریٹری پرتاپ سنگھ نے کہا کہ اس سال کمیٹی نے 1684 یاتریوں کے لیے ویزا مانگا تھا لیکن پاکستانی ہائی کمیشن نے صرف 788 عقیدت مندوں کو پاکستان جانے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ 26 نومبر کو یہ گروپ گرودوارہ ننکانہ صاحب اور گرودوارہ سچا سودا شیخوپورہ میں حاضری دے گا۔ یہ گروپ 27 نومبر کو پرکاشوتسو تقریب میں شرکت کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 29 نومبر کو سکھ عقیدت مند گرودوارہ پنجہ صاحب کے لیے روانہ ہوں گے۔ بھارتی سکھ عقیدت مند 30 نومبر کو گرودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے۔ 2 نومبر کو یہ سنگت لاہور سے گرودوارہ روڑی صاحب ایمن آباد اور کرتارپور صاحب کے درشن کے بعد شام کو لاہور واپس آئے گی۔ 3 دسمبر کو گرودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کے بعد سکھ سنگت 4 دسمبر کو واپس بھارت پہنچے گی۔

