تیز رفتار ٹرک نے کار کو ماری ٹکر، ایس ڈی ایم آفس کے دو ملازمین کی موت

تاثیر،۲۵  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نرمداپورم، 25 نومبر:مدھیہ پردیش کے نرمداپورم ضلع میں جمعہ کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے کار کو زوردار ٹکر مار دی۔ اس المناک حادثے میں ایس ڈی ایم آفس میں کام کرنے والے دو ملازمین کی موت ہو گئی۔ حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق یہ حادثہ نرمداپورم-ہردا اسٹیٹ ہائی وے پر پیش آیا۔ جمعہ کو ایس ڈی ایم آفس میں ریڈر یشی پانڈے کا برتھ ڈے تھا۔ رات کے وقت، وہ اپنے ساتھی کمپیوٹر آپریٹر رام کرشن سنگھ راجپوت اور دو دیگر دوستوں کے ساتھ اپنی سالگرہ کی تقریب منانے کے لیے بھیلٹ دیو میں واقع ایک ریستوراں میں رات کا کھانا کھانے جا رہا تھا۔ اس دوران ریستوراں پہنچنے سے پہلے رات 10 بجے کے قریب سیونی-مالوا-بھیل دیو کے درمیان کہریا کے قریب پیچھے سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک نے کار کو زور سے ٹکر مار دی۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ کار کے ٹکڑے ہو گئے۔ اس المناک حادثے میں یشی پانڈے اور رام کرشن سنگھ راجپوت کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ کار میں سوار دو دیگر افراد بسنت اور انوراگ زخمی ہوگئے۔ اطلاع کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج کے لیے سیونی مالوا اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مصروف تفتیش ہے۔