تاثیر،۲ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دبئی، 2 نومبر:تیونس کی ٹینس اسٹار اونس جیبیور نے فلسطینیوں کو انعامی رقم عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ویمن ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) فائنلز کی فاتح 29 سالہ اونس جیبیور نے کہا ہے کہ انعامی رقم کا کچھ حصہ فلسطینیوں کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اونس جیبیور نے کہا ہے کہ ہر روز بچوں کو مرتے دیکھنا بہت مشکل ہے، میں اس دنیا میں امن چاہتی ہوں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی فاتح تیونس کی کھلاڑی اونس جیبیور اپنی جیت کے بعد بات کرتے ہوئے غزہ کے بچوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ جیتنے کی خوشی ہے لیکن دنیا کی موجودہ کشیدہ صورتِ حال مجھے خوشی منانے سے روک رہی ہے،جب ننھے بچے شہید کئے جارہے ہیں، تو میں کس طرح اپنی خوشی کا اظہار کروں۔

