تاثیر،۲۲ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ، 22 نومبر: ، جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فارماکولوجی کے زیر اہتمام جانوروں پر تجربات کے متبادل موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اور سوسائٹی فار الٹرنیٹیوز ٹو اینیمل ایکسپیریمنٹس-انڈیا کی چھٹی سالانہ میٹنگ کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر عبدالعلیم، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر نے جانوروں پر تجربات کے متبادل پیدا کرنے کے لئے ٹکنالوجی کے فروغ پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ سائنس، سماج اور ثقافت میں گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے ان اضافی فوائد کا بھی ذکر کیا جو معیاری تحقیق سے سائنسی برادری کو ہوسکتا ہے۔تقریب کی صدارت مسٹر پورن چند، اسسٹنٹ کمشنر (ڈرگ)، علی گڑھ ڈویژن نے کی۔ پروفیسر وائی کے گپتا، پروفیسر ایم اکبرشا، سویتا نوتن، پروفیسر ایس رئیس الدین اور دیگر ماہرین نے اپنے خطبات میں جانوروں پر تجربات کے متبادل کی تلاش و تحقیق کو اہم قرار دیا ۔
پروفیسر سید ضیاء الرحمن، آرگنائزنگ سکریٹری اور چیئرمین، شعبہ فارماکولوجی نے مختلف مقابلوں کے نتائج کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر برکھا شاکیہ اور ڈاکٹر گریما جندل نے بالترتیب اورل پرزنٹیشن اور پوسٹر پرزنٹیشن میں میٹ ٹیک انعام جیتا۔ پوسٹر پرزنٹیشن میں دوسرا اور تیسرا انعام بالترتیب اقرا سبحان اور صبا افشین کو دیا گیا جبکہ اورل پرزنٹیشن میں دوسرا اور تیسرا انعام بالترتیب مہاراجن کے اور شہزاد احمد نے حاصل کیا۔
ڈاکٹر عرفان احمد خان نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔ ڈاکٹر انعم اور ڈاکٹر ابھینو تیواری نے پروگرام کی نظامت کی۔

