تاثیر،۲۸ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں ،28 نومبر:، جموں میں تین دہائیوں بعد بین الااقوامی کرکٹ کی واپسی ہو گئی ہے۔لیجنڈ لیگ کے چار میچیز جموں کے ایم اے اسٹیڈیم میں شڈول ہیں اور 27 نومبر کی شام پہلے میچ کھیلا گیا۔اس میچ کو دیکھنے کے لئے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگوں نے جموں پہنچ کر بین الااقوامی کرکٹ ستاروں کو قریب سے دیکھا۔یہاں کھیلے گئے پہلے میچ میں سدرن سپر اسٹارز نے منی پال ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے سنسنی خیز مقابلے میں شکست سے دوچار کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے، ہربھجن سنگھ کی قیادت میں منی پال ٹائیگرز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔جس میں اینجیلو پریرا نے 34 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 47 رن بنائے جبکہ ہیملٹن مساکڈزا نے 28 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ جبکہ تھیسارا پریرا نے 13 اور رابن اتھپانے 11 رن بنائے۔ سدرن سپر اسٹارز کی جانب سے پون نیگی، عبدالرزاق اور جوہن بوتھا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشوک ڈانڈا اور سی ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔125 رن کا تعاقب کرنے اْتری سدرن سپر اسٹار کی سلامی جوڑی نے اپنی ٹیم کو مضبوط شروعات دی اوپنرز جیسی رائڈر اور اپل تھرنگا نے بالترتیب 31 اور 38 گیندوں پر 30، 30 رن بنائے۔ رائڈر نے اپنی اننگ میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ تھرنگا نے 2 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شریوات گوسوامی اور راجیش بشنوئی نے بھی 19 اور 11 رن بنائے۔ منی پال ٹائیگرز کے پروین گپتا بولرز میں سب سے نمایاں رہے جنہوں نے اپنے 3 اوورز میں 9 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران خان نے بھی 4 اوور میں 24 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان ہربھجن سنگھ نے اپنے 4 اوور میں صرف 10 رن دیے اور دھماکہ خیز اوپنر جیسی رائیڈر کی اہم وکٹ حاصل کی۔

