تاثیر،۲۳ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دوحہ،23 نومبر:قطر میں ہندوستان کے سفیر شری ویپل مہمان خصوصی اور پروفیسر صفیان بیگ مہمان اعزازیدوحہ قطر میں 17 نومبر بروز جمعہ، اورکس حیات ریجنسی ہوٹل کے جیڈ ہال میں علی گڈھ مسلم یونیورسٹی الیومنی ایسوسی ایشن قطر نے سر سید ڈے تقریب کا انعقاد کیا جس میں علی گڈھ کے آبنائے قدیم اور ان کی فیملیز کے علاؤہ بڑے پیمانے پر دوحہ کے عمائدین شہر نے شرکت کی۔پروگرام کے مہمان خصوصی ، قطر میں بھارت کے سفیر جناب ویپل صاحب تھے۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، علی گڈھ کے پرنسپل اور اے ایم یو الیومنی کے ورلڈ کو ارڈینیٹر پروفیسر صفیان بیگ نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی اور “سر سید احمد خان: مسیحائے امن، فروغ و خیرسگالی” کے مو ضوع پر پر مغز کلیدی خطبہ دیا۔علی گڈھ مسلم یونیورسٹی الیومنی ایسوسی ایشن قطر کے صدر ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں قوم و ملک پر سر سید کے احسانوں کو یاد کیا اور ایسوسی ایشن کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم نے دوحہ میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے تین مفت طبی کیمپ، بلڈ ڈونیشن کیمپ ، خواتین ایمپاورمنٹ کا پروگرام “ذائقہ علی گڈھ” اور اے ایم یو الیومنی ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے تحت ممبران کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اسے پروان چڑھانے کے لئے متواتر اقدامات کئے ہیں ۔

انہوں نے اپنی تقریر میں فلسطین کے مظلومین سے یکجہتی اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مہمان خصوصی، سفیر ہند جناب ویپل نے تنظیم اور اس کی کارکردگی کی ستائش کی اور نئے ہندوستان کی تعمیر میں سر سید احمد خان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس سے قبل پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ غزالہ یاسمین نے پروگرام کے حوالے سے ضروری ہدایات پیش کیں جب کہ ڈاکٹر آشنا نصرت اور ڈاکٹر نعیم امان نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دینے ۔ علی گڈھ تحریک سے متعلق ایک کوئز ڈاکٹر آشنا اور شفقت نبی نے پیش کیا جس میں جیتنے والوں کو انعامات و سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔ ڈاکٹر جیلانی نے اس موقع پر تین ایوارڈز کا اعلان کیا۔ سر سید ایوارڈ فار پروفیشنل ایکسلنس قطر یونیورسٹی کے پروفیسر عاطف اقبال کو دیا گیا جب کہ امتیازی سماجی خدمات کا ایوارڈ سٹی ایکسچنج کے جناب پی عبالحمید شرفو کو دیا گیا۔ معروف آر جے، اور قطر ریڈیو 107 کے اینکر جناب کبیر احمد کو میڈیا خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔ پروگرام میں ٹوئٹا گروپ کے سلمان عبد الغنی، انڈین اسپورٹس سنٹر کے صدر ای پی عبد الرحمن، معروف بزنس مین عظیم عباس ، پروفیسر صوفیہ بخاری ، شہاب الدین احمد، احمد اشفاق، ڈاکٹر سکندر آفتاب ، ڈاکٹر امتیاز ، ڈاکٹر حبیبہ حنا، ڈاکٹر حسن رضوی، نجم الحسن، عماد الدین اشرف، سید راشد حسن کے علاؤہ بہت سی معزز شخصیات نے حصہ لیا۔

علی گڈھ الیومنی ایسوسی ایشن قطر کے چیئرمین انجینئر جاوید احمد نے وزیراعظم نریندر مودی کے اس قول کو یاد کیا جس میں انہوں نے علی گڈھ مسلم یونیورسٹی کو “منی انڈیا” سے تعبیر کیا تھا۔ ڈاکٹر ندیم جیلانی نے اپنی کابینہ کے ممبران خاص طور پر فیصل نسیم، فرمان خان، ممنون احمد بنگش، فرخ فاروقی ، آباد خان، عمادالدین احمد، فیصل عبداللہ ، ڈاکٹر عمران ممتاز، صائمہ رفعت، ڈاکٹر انتخاب عالم اور مجلس شوریٰ کے ارکان جناب تنویر عالم، جناب شکیب احسن، جناب امتیاز انور صدیقی ، نشاط علی خان، صبا امام ، عرفان اللہ ، پرمود کمار، سنجیو شرما کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سبھی معاونین بزنس ہاؤسز کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے آخر میں قطر اور ہندوستان کے قومی ترانے کے بعد علی گڈھ مسلم یونیورسٹی کا ترانہ “یہ میرا چمن ہے میرا چمن” پیش کیا گیا. تنظیم کے نائب صدر فیصل نسیم نے سامعین کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کیا۔ روایتی ڈنر کے بعد ایک مختصر محفل سخن بھی رکھی گئی جس میں جناب احمد اشفاق ، ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش ، جناب اشفاق دیشمکھ اور صفیان بیگ صاحبان نے اہل بزم کو اپنے کلام اور لطائف سے محظوظ کیا ۔

