دہلی جے پور ہائی وے پر ایک خوفناک سڑک حادثے میں چار افراد ہلاک

تاثیر،۱۱  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ٹرک، کار اور پک اپ کے درمیان زبردست تصادم
گروگرام، 11 نومبر: ضلع کے بلاس پور تھانے کے تحت دہلی-جے پور نیشنل ہائی وے-48 پر ایک کار اور پک اپ ٹرک کے درمیان زبردست تصادم میں چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ کار میں آگ لگنے سے تین افراد زندہ جل کرہلاک ہو گئے۔ اس حادثے میں کار اور پک اپ کو بری طرح نقصان پہنچا۔ مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پٹودی اے سی پی ہریندر کمار کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ لاشوں کی شناخت کے بعد لواحقین کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق جمعہ کی آدھی رات کو جے پور سے دہلی کی طرف جا رہا ایک 16 ٹائر والا ٹرک بلاس پور تھانہ علاقہ میں ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر دوسری طرف جا پہنچا۔ اس دوران دہلی سے جے پور کی طرف جارہی ایک پک اپ اور کار سے ٹرک کی ٹکر ہوگئی۔ سی این جی کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔ کار میں سوار تین افراد جھلس کر دردناک موت مر گئے۔
کار میں مرنے والوں کی شناخت جتیندر ولد رگھوویر سنگھ ساکن کہراڈ محلہ نزد شیو مندر سمالکھا (پانی پت)، لوکیش سینی ولد راج کمار ساکنہ شاستری نگر اناج منڈی جند اور پون دوبے ولد رام پرویش ساکن وشوامتر کالونی چتروان بکسربہار کے طور پر ہوئی ہے۔) اس حادثے میں ایک پک اپ ڈرائیور کی بھی موت ہو گئی جس کی شناخت ترلوک شرما عرف دیپک ساکنہ گاؤں چلہڈ، تھانہ پٹودی کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ کافی کوشش کے بعد لاشوں کو گاڑیوں سے نکالا گیا۔ لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔ حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے ٹینکر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس کے خلاف بلاس پور تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔