تاثیر،۱۵ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
لاہور، 15نومبر:قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذکا اشرف کی ٹیسٹ کا کپتان برقرار رہنے کی پیشکش مسترد کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمٹ کمیٹی کے آفس میں ذکا اشرف اور کپتان بابر اعظم کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ بابر اعظم کو صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کردیا۔ بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کے بعد میٹنگ سے چلے گئے۔وہیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ کارکردگی اپ ٹو دی مارک نہیں ہے، تبدیلی کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات میں ذکا اشرف نے کوچز کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے آسٹریلیا کے دورے پر نیا اسٹاف مقرر کرنا پڑے جبکہ یہ بھی ممکن ہے آپ لوگوں سے پی سی بی کوئی اور کام لے۔ذکا اشرف کا یہ بھی کہنا تھا اگلے ایک دو روز میں سب کو فیصلہ سنادیا جائے گا۔

