عمر گل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیندباز کوچ بن گئے، سعید اجمل کو اسپن کی ذمہ داری

تاثیر،۲۱  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

لاہور، 21 نومبر: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے منگل کو سابق کھلاڑیوں عمر گل اور سعید اجمل کو بالترتیب مردوں کی قومی ٹیم کا تیز گیندبازی اور اسپن گیندبازی کوچ مقرر کیا۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ نئے تعینات ہونے والے گیندبازی کوچز کی پہلی اسائنمنٹس میں آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 تک ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سے 21 جنوری 2024 تک ٹی – 20سیریز شامل ہیں۔
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں شکست کے بعد پی سی بی نے ٹیم کی پوری مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو تبدیل کر دیا ہے۔ محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر، وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر جبکہ شان مسعود اور شاہین آفریدی کو ٹیم کو بالترتیب ٹیسٹ اور ٹی ۔20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
2003 سے 2016 کے درمیان 47 ٹیسٹ اور 130 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف ٹی ۔20 سیریز اور پھر گھر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران مردوں کی ٹیم کے گیندبازی کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ گزشتہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ اور آئی سی سی مینز ٹی۔20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022 میں افغانستان کے گیندبازی کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
گل نے کہا،’’میں بطور بولنگ کوچ پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے پر بہت خوش ہوں اور پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی طرف سے پاکستان کرکٹ میں کردار ادا کرنے کا موقع ملنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔مردوں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا سابقہ تجربہ ہے، میں پاکستان کی گیندبازی کی صلاحیت کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے مقصد سے اپنی کوچنگ کی مہارت کو سامنے لاوں گا۔‘‘
سابقہ عالمی نمبرایک ون ڈے گیندبازاجمل ، جنہوں نے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی۔20 میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، تینوں فارمیٹس میں 447 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور اسپن گیندباز کوچ بھی کام کر چکے ہیں۔
اجمل نے کہا کہ میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی جانب سے اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرنے پر واقعی فخر محسوس کر رہا ہوں اور مشکور ہوں۔ مجھے پاکستان کی قومی ٹیم میں اسپن گیندبازی کے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اپنا تعاون دینے پر خوشی ہوگی۔