تاثیر،۲۴ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،24نومبر: قطر میں جاسوسی کے الزام میں سزائے موت پانے والے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو امید کی کرن نظر آئی ہے۔ قطر کی عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو دی گئی سزائے موت کے خلاف اپیل منظور کرلی ہے۔ ذرائع کی مانیں تو ان آٹھ ہندوستانیوں نے ذاتی طور پر عدالت میں یہ اپیل کی ہے لیکن ہندوستانی حکومت نے اس میں مدد ضرور کی ہے۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ نیوز18 نے اس سے قبل نجی کمپنی الدہرہ کے ساتھ کام کرنے والے سابق بحریہ کے اہلکاروں کی رہائی کے لئے ہندوستانی حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی خبر دی تھی۔ ان آٹھ ہندوستانیوں کو مبینہ طور پر گذشتہ سال اگست میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔دراصل، آٹھ ہندوستانیوں کو قطر کی عدالت نے گذشتہ ماہ 26 اکتوبر کو موت کی سزا سنائی تھی۔ تاہم ہندوستان نے قطری عدالت کے اس فیصلے کو چونکانے والا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں تمام قانونی آپشنز تلاش کرے گا۔ حکومت نے کہا تھا کہ قطر کی عدالت سے سزا یافتہ ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو راحت فراہم کرنے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔ فی الحال سزائے موت کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا تھا کہ ہندوستان اس معاملے پر قطری حکام کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے اور حکومت ہندوستانی شہریوں کو تمام قانونی اور قونصلر مدد فراہم کرتی رہے گی۔ اس سارے عمل کے دوران قطر حکومت کی جانب سے اس فیصلے کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ نہ ہی قطری حکام اور نہ ہی نئی دہلی نے بھارتی شہریوں کے خلاف الزامات کو عام کیا ہے۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندوستانی بحریہ کے ان تمام سابق افسران پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ‘ہم سزائے موت کے فیصلے سے انتہائی صدمے میں ہیں اور تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم خاندان کے افراد اور قانونی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام قانونی آپشنز کو تلاش کر رہے ہیں۔ ہم اس معاملے کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور اس کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہم تمام قونصلر اور قانونی مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ ہم اس فیصلے کو قطری حکام کے ساتھ بھی اٹھائیں گے۔ اس کیس کی کارروائی کی خفیہ نوعیت کی وجہ سے اس وقت مزید کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔’آپ کو بتاتے چلیں کہ 26 اکتوبر کو قطر کی عدالت نے نجی سیکیورٹی کمپنی الدہرہ کے ساتھ کام کرنے والے 8 سابق بھارتی بحریہ کے اہلکاروں کو موت کی سزا سنائی تھی۔ ان آٹھ اہلکاروں کو گذشتہ سال اگست میں ایک مبینہ جاسوسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تمام آٹھ ہندوستانی نجی کمپنی دہارا گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز کے لیے کام کر رہے تھے۔ جو کہ ایک دفاعی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ہے جس کی ملکیت ایک عمانی شہری ہے، جو رائل عمانی فضائیہ کے ریٹائرڈ سکواڈرن لیڈر ہیں۔ قطر میں ہندوستان کے سفیر نے اس سال یکم اکتوبر کو جیل میں ان اہلکاروں سے ملاقات کی تھی۔ یہی نہیں ان آٹھ میں سے کچھ کے اہل خانہ بھی قطر میں مل چکے ہیں۔ سزائے موت پانے والوں میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن سوربھ وشیشٹھ، کمانڈر پورنیندو تیواری، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کمانڈر سوگناکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا، کمانڈر امیت ناگپال اور سیلر راگیش شامل ہیں۔