تاثیر،۲۴ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں ،24 نومبر:جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یو ٹی میں بجلی کی فراہمی کی مجموعی صورتحال پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، راجیش پرساد، پرنسپل سکریٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، سنتوش ڈی ویدیا پرنسپل سکریٹری خزانہ ، ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں کشمیر اور جموں دونوں ڈویڑن میں بجلی کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ میٹنگ کے دوران، لیفٹیننٹ گورنر نے پرنسپل سکریٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ کٹوتی کے منصوبوں کی سختی سے تعمیل کریں صد فیصدی اسمارٹ میٹرڈ فیڈرز میں بلاتعطل اور معیاری بجلی فراہم کی جائے اور لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے خراب ٹرانسفارمرز کو بروقت تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زمین پر موجود ٹیم کو صورتحال پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور بجلی کی بلند ترین طلب کو پورا کرنے کے لیے فعال اقدامات کرنا چاہیے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اسمارٹ میٹروں کی تنصیب، افرادی قوت اور پاور انفراسٹرکچر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

