تاثیر،۵ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 05 نومبر:ہفتہ کی رات کوتوالی تھانہ علاقے کے ہرمو روڈ پر کشور گنج چوک میں ایک مٹھائی کی دکان کے آپریٹر اور عملے پر حملہ کے خلاف تاجروں نے اتوار کو کشور گنج چوک پر اپنی دکانیں بند رکھی ہیں۔ سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے موقع پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق ہفتہ کی رات کشور گنج چوک پر ایک گروپ کے 70 سے 80 لوگوں نے مل کر پریتی سویٹس کے آپریٹر رودر پرتاپ ناتھ شاہ دیو اور ان کے عملہ منوج یادو پر حملہ کیا۔ اس حملے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد دونوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ہندپیری تھانہ علاقہ کے رہنے والے بلڈر نیلیش لال نے ہفتہ کی رات کشور گنج چوک پر اپنی کار سڑک کے کنارے کھڑی کی تھی۔ اسی دوران اسکوٹر پر سوار ایک نوجوان نے کار کو ٹکر مار دی۔ اس حوالے سے دونوں فریقین میں کچھ جھگڑا بھی ہوا۔ پریتی سویٹس کے آپریٹر اور اہل علاقہ کی مداخلت سے معاملہ پر سکون ہو گیا۔اسی دوران اسکوٹر پر سوار نوجوانوں نے فون کرکے کسی کو معاملے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد رات گئے تلواروں اور لاٹھیوں سے لیس ایک فریق کے 70 سے 80 لوگ موقع پر پہنچے اور پریتی سویٹس پر حملہ کردیا۔ جب انہوں نے احتجاج کیا تو ہوٹل آپریٹر اور اس کے عملے کو شدید زدوکوب کیا گیا۔ جس میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔

