ممبئی کے ساتھ سفر اچھارہا، سی ایس کے میں جانا اور بھی خاص تھا: امباتی رائیڈو

تاثیر،۲۵  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 نومبر:ہندوستان کے سابق بلے باز امباتی رائیڈو نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے کیرئیر کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی انڈینز کے ساتھ ان کا سفر شاندار تھا، لیکن چنئی سپر کنگز میں انہیں اپنا خاص وقت ملا۔
رائیڈو نے 2010 میں ممبئی انڈینز کے ساتھ آئی پی ایل کی شروعات کی اور 2017 کے ایڈیشن تک ٹیم کے لیے کھیلے، 2013، 2015 اور 2017 میں ان کے ساتھ تین خطاب جیتے۔
اس کے بعدسی ایس کے نے 2018 کے سیزن سے پہلے انہیں سائن کیا۔ اس ایڈیشن میں، رائیڈو نے بلے سے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 اننگز میں 43 کی اوسط سے 602 رن بنائے، جس میں ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 100 ناٹ آؤٹ تھا۔ ٹیم نے اسپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی میں ایک اہم عہدیدار کے ملوث ہونے کی وجہ سے دو برس کی معطلی کے بعد ٹرافی جیتی۔
وہ آئی پی ایل 2021 اور 2023 کا خطاب جیتنے والی سی ایس کے ٹیم کے رکن تھے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گزشتہ سیزن کے بارش سے متاثرہ فائنل میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف فرنچائزی کی فتح کے بعد وہ لیگ سے ریٹائر ہو گئے تھے ۔
رائیڈو نے یوٹیوب پر نشر ہونے والے رنویر شو پوڈ کاسٹ میں کہا، ’’میں خود کو ٹیم کے ماحول میں بہت لچکدار ہونے کے طور پر یاد رکھوں گا۔ میں مڈل آرڈر کے ساتھ ساتھ لوئر مڈل آرڈر کے ساتھ بھی آزادانہ بیٹنگ کر رہا تھا۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں مجھے ٹیم میں حصہ ڈالنے پر بہت فخر ہے اور میں اپنے کیریئر میں اس پہلو کو بہت اہمیت دیتا ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا، “بے شک، میں نے آٹھ سال تک ممبئی کے لیے کھیلا۔ میں نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز ممبئی سے کیا۔ یہ بہت اچھا سفر تھا اور ہم نے تین آئی پی ایل اور دو چیمپئنز لیگ کی ٹرافی جیتی۔ ہم نے اچھا وقت گزارا‘‘۔
سی ایس کے میں اپنے وقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، رائیڈو نے مزید کہا، ’’سی ایس کے میں جانا اور بھی خاص تھا، لیکن دوسرے ڈریسنگ روم میں بیٹھنا، نیلے کے بجائے پیلے رنگ کے پیڈ پہننا اور ممبئی کا سامنا کرنا بہت عجیب تھا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ’’یہ میرے ذہن میں ایک فلیش بیک کی طرح چل رہا تھا،یہ یاد کرتے ہوئے کہ ہم ہر روز کیا کیا کرتے تھے۔ تب سے، ہاں، مجھے سی ایس کے میں رہنے کی عادت ہو گئی ہے۔‘‘
سابق دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ہندوستانی کرکٹ اور آئی پی ایل میں ایک رہنما کے طور پر ایم ایس دھونی کی میراث کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی۔
انہوں نے کہا،’’ہر کوئی جانتا ہے کہ دھونی نے تمام فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ساتھ ہی کئی کھلاڑیوں کو چمکایا بھی ہے۔ یہاں تک کہ انہوں نے سی ایس کے کے لیے کھیلنے والے کئی غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروایا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ان کے اندر ہے۔ میں نہیں جانتا کہ اس کا اظہار کیسے کروں، لیکن میں صرف اتنا کہوں گا کہ وہ باصلاحیت ہیں اور انہوں نے اتنے سالوں سے کھیلتے ہوئے اسے اپنے اندر پیدا کیا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا، ’’لیکن کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں جو میرے خیال میں مناسب نہیں ہے۔ لیکن دن کے اختتام پر، نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صحیح تھے اور 99.9 فیصد وقت وہ صحیح تھے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور انہوں نے یہ کام اتنے لمبے عرصے اور اتنی کامیابی کے ساتھ کیا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ان کی طرح کر سکتا ہے۔ہندوستانی کرکٹ اب ان کے فیصلوں پر سوال اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں ہے کیونکہ وہ بہت کامیاب رہے ہیں‘۔