تاثیر،۱۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نانا پاٹیکر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے سیلفی لینے کے لیے آئے ایک فین کے سر پر کس طرح مارا۔ ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نیٹیز نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ مداح کے ساتھ نانا کا رویہ غلط تھا۔ ایسے میں خود نانا نے اس پورے معاملے پر وضاحت دی ہے۔
نانا پاٹیکر نے کہا ’’ ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں میں ایک لڑکے کو مار رہا ہوں۔ یہ سین ہماری فلم کا حصہ ہے۔ ہم نے مشق کی۔ ایک ریہرسل ہو چکی تھی ، پھر ڈائریکٹر نے دوبارہ ریہرسل کرنے کو کہا۔ جیسے ہی ہم چلنے والے تھے،تب ہی اس ویڈیو میں نظر آنے والا لڑکا وہاں آگیا۔ میں نہیں جانتا تھا کہ یہ لڑکا کون ہے، مجھے لگا کہ یہ ہماری ٹیم کا ہے۔ چنانچہ سین کے مطابق میں نے اسے مارا اور اپنا مکالمہ بولا۔ بعد میں مجھے احساس ہوا کہ یہ لڑکا ہماری ٹیم سے نہیں ہے۔ پھر میں اسے بلانے جا رہا تھا لیکن وہ بھاگ گیا۔ ہوسکتا ہے کہ اس کے دوست نے یہ ویڈیو شوٹ کیا ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا’’ میں نے کبھی کسی کو تصویر کے لئے منع نہیں کیا۔ میں نے یہاں بھی ہزاروں تصویریں لیں، وارانسی کے گھاٹوں پر کافی بھیڑ ہوتی ہے۔ یہ غلطی سے ہوا، مجھے نہیں پتہ کہ یہ کہاں سے آیا، میں نے یہ سوچ کر ریہرسل کا سین شوٹ کیا کہ یہ ہماری ٹیم کا کوئی لڑکا ہے۔ اگر اس ویڈیو سے کوئی غلط فہمی ہوئی ہو تومیں معذرت خواہ ہوں، میں کبھی کسی کو اس طرح نہیں مارتا، میں نے آج تک ایسا کبھی نہیں کیا ہے ۔ لوگ مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں، اس لیے میں ایسا کام کبھی نہیں کروں گا‘‘۔
نانا نے کہا،’’مجھے لگا کہ میں نے اسے مارا ہے، اس لیے میں نے ٹیم سے اسے فون کرنے اور اس سے معافی مانگنے کے لئے کہا۔ ٹیم نے اسے ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ نہ مل سکا۔ وہ ریہرسل کے درمیان میں تھا، اس لیے اس نے سوچا ہوگا کہ یہ لوگ مزید مار سکتے ہیں، اس لیے وہ بھاگ گیا۔ واقعی میں معذرت خواہ ہوں، میں اس طرح کا برتاؤ کبھی نہیں کرتا۔ گھاٹوں پر ہجوم کی شوٹنگ کے دوران لوگ بہت مدد کرتے ہیں۔ نانا پاٹیکر نے کہا کہ ہم اگلے 10-15 دنوں تک وہاں شوٹنگ کریں گے۔

