تاثیر،۲۷ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ڈوڈہ،27 نومبر:ضلع ڈوڈہ میں موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ نے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت مہم چلائی ہے۔محکمہ کو ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے حکم دیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور سڑک حادثات کو روکا جا سکے جس سے قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہو رہا ہے۔ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرڈوڈہ راجیش گپتا نے ایک جامع رپورٹ پیش کی جس میں ضلع کے اندر مختلف علاقوں میں کی گئی وسیع کارروائیوں کی تفصیل دی گئی۔ اے آر ٹی او ڈوڈہ کی نگرانی میں ایم وی ڈی ڈوڈہ کی ٹیم نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی۔اور ضلع میں بٹوت کشتواڑ ،ڈوڈہ قومی شاہراہ پر نویں کلو میٹر سے شروع ہو کر گڑھسو ،پنیجا ،تھلیلا ،ٹھاٹھری ، گندوہ، بھلیسہ، گواڑی، بھدرواہ، بھالہ ،ترون ،بستی ،کوٹی ،گندنہ اور بھرت روڈ پر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔چیکنگ مہم کے دوران 318 گاڑیوں کے چالان اور 31 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 168،500 روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔ اس مہم میں روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے، ڈرائیونگ لائسنس کی معطلی کے نوٹسز جاری کرنے، موبائل فون استعمال کرنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسی خلاف ورزیوں کی وجہ سے چھ لائسنس معطلی کی سفارش کی گئی۔اس کے علاوہ روٹ پرمٹ کی معطلی کے لیے تین نوٹس جاری کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک روٹ پرمٹ معطل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ یہ مہم پورے ضلع میں جاری رہے گی تاکہ ڈرائیوروں میں سڑکوں پر محفوظ اور ہموار چلنے کے لیے ذمہ داری کا احساس پیدا کیا جا سکے۔

