پاکستان کیلئے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک الگ تاریخ رقم کرنی ہوگی

تاثیر،۱۰  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 10نومبر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے دروازے تقریباً بند ہو چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے اپنے آخری لیگ میچ میں یک طرفہ جیت درج کی۔ کیوی ٹیم کی جگہ تقریباً کنفرم ہو چکی ہے، لیکن پاکستان کے لئے ابھی کچھ امیدیں باقی ہیں۔ اسے آگے بڑھنا ہے تو ناممکن کو ممکن کرکے دکھانا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نظریں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ پر جمی ہوئی تھیں۔ بابر اعظم کی ٹیم میچ میں بارش کی امید کر رہی تھی، تاکہ میچ کھیلا ہی نہ جا سکے۔ جب میچ ہوا تو دعا تھی کہ سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرا دے، لیکن ایسا ایک بھی نہیں ہوا جو پاکستان چاہتا تھا اور کیوی ٹیم نے سری لنکا کی طرف سے دیا گیا 172 رنز کا ہدف صرف 23.2 اوورز میں حاصل کر کے میچ ختم کر دیا۔ اب اگر پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو ناممکن کو ممکن کرکے دکھانا ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی سری لنکا کیخلاف جیت نے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں تقریباً ختم کر دی ہیں۔ اب اس کے سامنے جو کام رہ گیا ہے وہ ناممکن کو ممکن بنانے جیسا ہوگا۔ اگر پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانا چاہتی ہے تو اس کو سب سے پہلے انگلینڈ کے خلاف وہ کچھ کرنا ہو گا جو اس ٹیم نے آج تک ون ڈے انٹرنیشنل میں نہیں کیا ہے، یعنی پاکستان کو 400 رنز بنانے ہوں گے۔ اس کے بعد ان کے گیند بازوں کو انگلش ٹیم کے بلے بازوں کو صرف 112 رنز یا اس سے کم کے اسکور میں آؤٹ کرنا ہو گا۔ اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کی جیت کا مارجن 288 رنز یا اس سے زیادہ ہونا ہوگا۔ وہیں اگر پاکستان ٹیم ٹاس ہارتی ہے اور انگلینڈ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتا ہے تو عین اسی وقت بابر اعظم کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گی۔