ڈی ایم جموں نے فورسسز کے افسران کے ساتھ سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کا جائزہ لیا

تاثیر،۲۸  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جموں، 28 نومبر:ضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا نے سیکورٹی سے متعلق میٹنگ میں جموں ضلع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کے حالات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ہند۔پاک سرحد کے ساتھ واقع علاقوں کے مختلف حساس مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں ایس ایس پی جموں ڈاکٹر ونود کمار فوج اور نیم فوجی دستوں کے افسران نے سیکورٹی کی صورتحال اور دشمن کی کسی بھی شرارت کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے کی جانے والی تعیناتیوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
ڈی ایم نے سیکورٹی صورتحال اور دشمن قوتوں کی طرف سے دراندازی یا جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوششوں کو روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے دریافت کیا۔ انہوں نے سرحد کی حفاظت اور خطے میں امن و امان کو یقینی بنانے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا۔ ڈی ایم نے سرحدی علاقوں میں ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرحدی باشندوں کو تمام بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ڈی ایم نے ضلعی افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرحدی علاقوں کے پہلے سے طے شدہ دورے کریں تاکہ سرکاری اسکیموں کی فراہمی کا مسلسل جائزہ لیا جاسکے اور مقامی عوام کی شکایات اور مطالبات پر رائے لیں۔
انہوں نے افسران سے کہا گیا کہ وہ سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں۔ سچن کمار نے زور دے کر کہا کہ حکومت سرحدی شہریوں کے مسائل اور خواہشات کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سرحدی علاقوں میں امن و امان اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔
میٹنگ میں سب ڈویڑنل مجسٹریٹس، ایگزیکٹیو انجینئرس کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔