تاثیر،۳۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
لکھنو، 30 نومبر:اگر یوں کہا جائے کہ کرکٹ سے جو محبت ہندستان میں نظر آتی ہے وہ کسی اور ملک میں نظر نہیں آتی ہے، تو شاید یہ غلط نہ ہوگا۔ ہندستان میں بلے بازوں، گیند بازوں اور چیتے کی رفتار رکھنے والے فیلڈرز ہمیشہ ٹیم شامل رہے ہیں۔ایسا ہی ایک نوجوان چست، پھرتیلا اور چیتے جیسے چھلانگ لگانے والا اتر پردیش کا مشہور کرکٹر محمد کیف بھی ہے جس نے ٹیم کے لئے ہمیشہ اپنی بہترین خدمات پیش کی ہیں اور کرکٹ کیرئر میں ہمیشہ اپنا بہت اچھا تعاون دیا ہے۔محمد کیف یکم دسمبر 1980 کو الہ آباد، اتر ردیش میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محمد طارق انصاری، ریلوے کرکٹ ٹیم اور اتر پردیش کرکٹ ٹیم کے لیے اور بھائی محمد سیف، جو مدھیہ پردیش کرکٹ ٹیم اور اتر پردیش کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلے ہیں۔گھر میں بچپن سے ہی کھیلوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے لہذا محمد کیف کو بھی کم عمری سے ہی کرکٹ کی جانب رغبت ہوگئی تھی۔اس لیے ان کے والد نے انہیں 11 برس کی عمر میں ٹرائلز کے لیے کانپور بھیج دیا۔ جہاں انہیں گرین پارک کے اسپورٹس ہاسٹل میں منتخب کیا گیا اور وہیں سے انہوں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا۔ کیف نے چھترپتی ساہوجی مہاراج یونیورسٹی (کانپور) سے تعلیم حاصل کی۔ہندوستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی محمد کیف نے ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے انڈر 19 کی سطح پر اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر قومی ٹیم میں جگہ بنائی۔محمد کیف وہ ہندوستانی بلے باز تھے جو اسپنرز گیند بازوں کے خلاف کھیلنے کا بہترین تجربہ رکھتے تھے۔ان کے بارے میں مشہور تھا جس وقت محمد کیف بلے بازی کے لئے میدان میں اترتے ہیں تو ان کا بلا اسپن گیند بازوں کے خلاف بہت شور مچاتا تھا۔ یایوں کہا جائے کہ ان کا بلا اسپنرز کے خلاف آگ اگلتا تھا۔محمد کیف اسپین گیند بازی کے خلاف اپنی شاندار بلے بازی کے لئے جانے جاتے تھے۔ موجودہ ہندوستانی ٹیم میں بھی شاید ہی کوئی ایسا کھلاڑی ہو گا جس نے اسپن کو اتنا اچھا کھیلا ہو گا، جتنا محمد کیف کھیلتیتھے۔کیف نے اپنے کیریئر میں زیادہ تر میچ سورو گنگولی کی کپتانی میں کھیلے۔مڈل آرڈ پر محمد کیف نے ہندستان کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی قیادت میں ہندستان نے سال 2000 میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی عمدہ بلے بازی کرکے بہترین رن بنائے ہیں۔ محمد کیف نے زیادہ تر ٹیسٹ اور ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2000 میں گرین پارک ہاسٹل، کانپور سے کیا۔ کیف نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا میچ بنگلورو میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا اور انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔