تاثیر،۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کنگنا رناوت کی فلم ’ تیجس‘ دیکھنے کے لیے شائقین سینما گھروں تک نہیں پہنچ رہے ہیں۔ یہ فلم 27 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم نے اپنی ریلیز کے 10 دنوں میں صرف 5 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ فلم کی شروعات مایوس کن رہی۔ اس کے بعد لگ رہا تھا کہ پہلے ویک اینڈ میں کمائی بڑھ جائے گی ، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ دوسرے ویک اینڈ تک فلم ختم ہو چکی ہے۔
فلم ’تیجس‘ باکس آفس پر کافی خراب کارکردگی دکھا رہی ہے۔ فلم کی کمائی کی رفتار کو دیکھا جائے تو یہ بجٹ کا 10 فیصد بھی کما نہیں سکی۔ درحقیقت ناظرین نے پہلے ہی دن اس سے منہ موڑ لیا۔ اس کے بعد سے یہ فلم باکس آفس پر زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ فلم نے پہلے دن 1.20 کروڑ روپے کی کمائی کی ، دوسرے جمعہ کو فلم نے محض 8 لاکھ روپے کی کمائی کی ، اس کے بعد 9ویں دن 12 لاکھ روپے اور 10 ویں دن 11 لاکھ روپے کمائے۔ ریلیز کے بعد 10 دنوں میں ‘ تیجس ‘ کی کل کمائی 5.81 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ یہ فلم بھارت میں 1300 اسکرینز پر ریلیز ہوئی تھی۔ کنگنا نے فلم کی بہت تشہیر کی تھی لیکن ایڈوانس بکنگ کے باعث فلم کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے فلم کی کمائی بھی کم ہوگئی۔ اس فلم کا بجٹ تقریباً 45 کروڑ بتایا جاتا ہے ، جس کو دیکھتے ہوئے کل کلیکشن کافی کم ہے۔ فلم کی کمائی سے کنگنا کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ فلم ’ تیجس‘ لڑاکا طیاروں پر مبنی ہے۔ اس میں کنگنا رناوت نے ایئر فورس افسر کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں ان کے علاوہ انشول چوہان ، ورون مترا ، آشیش ودیارتھی اور وشاک نائر بھی اہم کرداروں میں ہیں۔