تاثیر،۲۴ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 24 نومبر: کولکاتہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی کولکاتہ کے دھرمتلہ میں جلسہ عام کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ پولیس امت شاہ کے جلسے پر کوئی اضافی شرائط عائد نہیں کر سکے گی۔ یہ جلسہ اسی جگہ ہونا ہے جہاں 21 جولائی کو حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کا جلسہ منعقد ہونے والا ہے۔
ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے حکم کے خلاف چیف جسٹس ٹی ایس سیواگننم اور ہیرنموئے بھٹاچاریہ کی ڈویژن بنچ میں نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے جمعہ کو حتمی سماعت کی۔ کولکاتہ پولیس کو پھٹکار لگاتے ہوئے بنچ نے کہا کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو ٹی ایم سی کو یہاں 21 جولائی کو جلسہ عام کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بی جے پی نے دو ہفتے پہلے درخواست دی ہے، کافی ہے۔ اس کے بعد پولیس کی طرف سے کوئی شرط عائد نہیں کرنی چاہیے۔
ریاستی حکومت کو سخت سرزنش کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا کہ کولکاتہ میں بہت کچھ ہو رہا ہے، لیکن بی جے پی کے پروگرام کو لے کر سیاسی فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ جب ریاستی حکومت نے عدالت میں قواعد کے بارے میں بات کی تو جج نے کہا کہ حکمراں پارٹی کے پروگرام میں ان قواعد کو کیوں نہیں لیا جاتا؟ چیف جسٹس نے کہا کہ بالی گنج کے علاقے میں رات تین بجے تک لوگوں نے ڈھول بجاتے جلوس نکالا۔ چار پانچ دن پہلے میں نے دیکھا کہ لوگ ایک بچے کو ٹرک کی چھت پر لے جا رہے ہیں۔ لوگ مال بردار پٹریوں میں سفر کر رہے ہیں۔ پھر اصول کہاں مانے جاتے ہیں؟

