تاثیر،۵ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ ، 5نومبر:ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 327 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پہلے بلے بازی کرنے آئی ٹیم انڈیا نے 50 اوور میں 5 وکٹ پر 326 رن بنائے۔ ہدف کو پورا کرنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم 83 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، رویندر جڈیجہ نے شاندار بالنگ کی انہوں نے33 رنز دے کر 5 وکٹ چٹکائے، محمد شامع نے 2 وکٹ لے کر شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا، اور ٹیم انڈیا 243 رنز سے جیت کر آئی سی سی ورلڈ کپ کے ٹیبل میں سب سے اوپر پہنچ گئی، اسس سے قبل ٹیم انڈیا کی جانب سے کنگ کوہلی نے شاندارتاریخی سنچری اسکور کی۔ کوہلی نے 121 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کھیلی۔انہوں نے اپنی اننگز میں 10 چوکے لگائے۔ کنگ کوہلی کے ونڈے کیریئر کی یہ 49ویں سنچری ہے۔ اس طرح کوہلی نے ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں سچن تندولکر کی برابری کر لی ہے۔اس کے علاوہ شریس ایئر نے 87 گیندوں پر 77 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اس سے قبل کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے بلے بازی کرنے آئی ٹیم انڈیا کی شروعات شاندار رہی۔ ہندوستانی اوپنرز روہت شرما اور شبھ من گل نے پہلی وکٹ کے لیے 5.5 اوورز میں 62 رنز جوڑے۔ روہت شرما نے 24 گیندوں میں 40 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اسی دوران شبھ من گل 24 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ شبھ من گل کو کیشو مہاراج نے بولڈ آؤٹ کیا۔ بھارتی ٹیم کو دوسرا جھٹکا 93 رنز کے اسکور پر لگا۔ لیکن اس کے بعد کوہلی اور شریس ایر کے درمیان 134 رنز کی شراکت ہوئی،تاہم کے ایل راہل جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ کے ایل راہل 17 گیندوں پر 8 رنز بنا سکے۔ ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز کو مارکو یونسن نے اپنا شکار بنایا۔ وہیں سوریہ کمار یادو نے آخری اوورز میں 13 گیندوں میں 22 رنز جوڑے۔ سوریہ کمار یادو نے اپنی اننگز میں 5 چوکے لگائے۔ اس کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے 15 گیندوں پر 29 ناقابل شکست رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی کے علاوہ ربادا، مارکو یونسن، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک کامیابی حاصل کی۔واضح ہو کہ انڈیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ہندوستانی ٹیم 7 میچوں میں 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اب تک ہندوستانی ٹیم اپنے تمام میچ جیت چکی ہے۔ وہیں جنوبی افریقہ کی ٹیم 7 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ نے 6 میچ جیتے ہیں جبکہ 1 میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

