گوا میں جمہوریہ چیک کی فرانسیسی زبان کی فلم ’اینڈ لیس سمر سنڈروم‘ کا ایشین پریمیئر آج

تاثیر،۲۸  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پنجی، 28 نومبر: گوا میں جاری 54ویں بھارتی بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں آج (منگل) جمہوریہ چیک کی فرانسیسی زبان کی فلم ’’اینڈ لیس سمر سنڈروم‘‘ کا ایشیائی پریمیئر ہوگا۔ یہ معلومات گزشتہ رات یہاں میڈیا کو فلم کے اسسٹنٹ پروڈیوسر لنڈسے ٹیلر اسٹیورٹ نے دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ فلم فرانسیسی سنیما کو ایک طرح کا خراج تحسین ہے۔ ہدایتکار کاویہہ دانشمینڈ کا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہدایت کار کی خواہش ہے کہ رائٹر یا ہدایت کار اس فلم پر اپنا تبصرہ نہ کریں بلکہ ناظرین فلم کو محسوس کریں اور اس کا تجربہ کریں۔
لنڈسے ٹیلر اسٹیورٹ نے کہا کہ یہ فلم ایک وکیل اور دو بچوں کی ماں کی کہانی بیان کرتی ہے جس کی فرانس میں خوبصورت خاندانی زندگی اس وقت تباہی کا شکار ہو جاتی ہے جب اسے اپنے شوہر کی بے وفائی کے بارے میں ایک ناپسندیدہ فون کال موصول ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسی فلم ہے جو خاندانی رشتوں پر سوال اٹھاتی ہے اور خاندانی ڈرامہ کی صنف میں پیچیدگی اور نزاکت کو ظاہر کرتی ہے۔
اداکارہ فریڈریکا میلانو نے کہا، ’’’اس فلم میں مرکزی کردار ایک خاتون نے ادا کیا ہے اور اس فلم میں خواتین کو پہلے کی طرح پیش نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
اس فلم کے مرکزی کردار آدیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آدیہ ایک مضبوط اور خودمختار خاتون ہے جو پورے خاندان کو خود ہی سنبھالتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلم ’’اینڈ لیس سمر سنڈروم‘‘ دوسروں کو مزید خواتین پر مبنی فلمیں بنانے کی ترغیب دے گی۔