یوم دستور پر ہوا خراج عقیدت پروگرام،ڈاکٹر امبیڈکر مجسمہ پر کی گئی گلپوشی

تاثیر،۲۶  نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

      سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے قائدین نے آج یوم دستور پر بابا صاحب بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نقش قدم پر چلنے، تعلیم یافتہ، منظم رہنے، جدوجہد کرنے کا عزم کیا ۔ کلکٹریٹ گیٹ پر واقع ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ پر گلپوشی کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر آر ایل جے پی مہیلا سیل کی ضلع صدر ایڈوکیٹ کماری شکنتلا سنگھ نے یوم دستور پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب نے کہا ہے کہ تعلیم حاصل کرو، منظم ہو جاؤ، اپنے حقوق کے لئے لڑو، بابا صاحب نے ہندوستان کو جو آئین دیا ہے وہ دنیا میں سب سے اعلیٰ ہے، مقننہ، عدلیہ اور ایگزیکٹو کو آئین کے مطابق کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ آج خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم اور جرائم کی وجہ سے خواتین کی حفاظت پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے اور حکومت کے حفاظتی نظام بے نقاب ہو رہے ہیں ۔ بابا صاحب نے آئین میں خواتین کو جو طاقت دی ہے اسے حاصل کرنے کے لئے خواتین کو آگے آنا ہوگا اور قانون کے مطابق جدوجہد کرنا ہوگی، خواتین سیاست میں حصہ لئے بغیر محفوظ نہیں رہ سکتیں، انہوں نے روہتاس کے پارٹی کارکنوں سے بڑی تعداد میں حاجی پور جانے کی اپیل بھی کی تاکہ 28 نومبر کو حاجی پور میں پارٹی کے یوم تاسیس کو تاریخی بنایا جا سکے ۔ خراج عقیدت پیش کرنے و گلپوشی کرنے والوں میں راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے ضلعی ترجمان راجندر پاسوان، ٹاؤن صدر اروند کمار روی، لیبر سیل ضلع صدر سنیل کمار سنگھ ایڈوکیٹ، ڈاکٹر راماشنکر پاسوان، پارٹی ضلع صدر پرمود کمار منٹو، بشیر عالم، محفوظ عالم، رنکو سنگھ، للن رام، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر رام ساگر پرساد، دلباس انصاری، سشیل کمار، انجینئر گوتم رشی کے ساتھ درجنوں لوگ شامل تھے ۔