امبالہ ڈی سی کو 25 ہزار جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنا پڑے گا

تاثیر،۱۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ہریانہ،12دسمبر:پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے حکم کو نہ ماننا اور پنچایت اراضی سے متعلق معاملے میں اسٹیٹس رپورٹ داخل نہ کرنا، امبالہ کے ڈی سی کو بہت مہنگا پڑا۔ ہائی کورٹ نے ڈی سی پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے یہ رقم اپنی جیب سے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ منجیت سنگھ اور دیگر نے ایڈوکیٹ فتح سینی کے ذریعے ہائی کورٹ کو بتایا کہ امبالہ کی تلہری پنچایت میں کچھ متنازعہ زمین موجود ہے۔ پنچایت اس اراضی کو اپنی ملکیت قرار دے رہی ہے اور درخواست گزاروں سے اسے خالی کرانے کے لیے ڈی سی کے سامنے عرضی دائر کی گئی تھی۔ یہ درخواست 2007 سے زیر التوا ہے اور ڈی سی نے جمود برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔ اس حکم کے باوجود 2017 میں پنچایت نے اس زمین سے مٹی اٹھانا شروع کر دی تھی۔ اس کو ایک عرضی کے ذریعے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے پچھلی سماعت میں کہا تھا کہ یہ کیس ڈی سی کے پاس 16 سال سے زیر التوا ہے اور ابھی تک اسے نمٹایا نہیں گیا ہے۔ ایسے میں ہائی کورٹ نے ڈی سی کو سٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔ اب جب معاملہ سماعت کے لیے آیا تو سرکاری وکیل نے کہا کہ ڈی سی کو حکم کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا لیکن ان کی طرف سے کوئی رپورٹ نہیں آئی۔ ایسے میں ہائی کورٹ نے اس پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ڈی سی پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔