سولاپور ڈرگس فیکٹری کا مفرور مالک امیش واگھ پالگھر میں گرفتار

تاثیر،۱۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

 

ممبئی، 13 دسمبر: ناسک پولیس نے سولاپور ڈرگس فیکٹری کے مالک اور مفرور اسمگلر امیش واگھ کو پالگھر ضلع کے ویرار سے تین ماہ بعد گرفتار کر لیا۔ امیش واگھ اس عرصے کے دوران بنگلورو، کیرالہ، حیدرآباد، آندھرا پردیش، تمل ناڈو میں رہا۔ واگھ کی گرفتاری سے بڑا انکشاف ہونے کا امکان ہے۔
پولیس کے مطابق ناسک پولیس نے تین ماہ قبل سولاپور میں چل رہی ایم ڈی ڈرگ مینوفیکچرنگ فیکٹری پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے فیکٹری کو مسمار کردیا تھا۔ ناسک پولیس نے اس معاملے میں 13 ملزمین کو گرفتار کیا تھا، جب کہ اس کمپنی کا مالک منشیات اسمگلر امیش واگھ فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے واگھ کو بدھ کی صبح ویرار سے گرفتار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ پونے کے سسون اسپتال سے یروڈا جیل میں سزا کاٹ رہے منشیات اسمگلر للت پاٹل کے فرار ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے اس معاملے پر کارروائی کی تھی۔ ممبئی پولیس نے ناسک میں شندے واڑی ڈرگ فیکٹری پر چھاپہ مار کر فیکٹری کو منہدم کر دیا تھا۔ یہ ڈرگ فیکٹری للت پاٹل اور اس کا بھائی بھوشن پاٹل چلا رہے تھے۔
ممبئی پولیس نے چنئی سے للت پاٹل، بھوشن پاٹل سمیت تقریباً 20 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے بعد تین ماہ قبل ناسک پولیس نے سولاپور میں للت پاٹل کے دوست امیش واگھ کے ذریعہ چلائی جانے والی ڈرگ فیکٹری پر چھاپہ مار کر فیکٹری کو منہدم کر دیا تھا لیکن امیش واگھ فرار ہو گیا تھا۔
اب تک کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امیش واگھ سولاپور کی فیکٹری میں بنی دوا کو ناسک کے سنی پگارے کو بیچتا تھا۔ سنی پگارے ہر جگہ ڈرگ سپلائی کرتا تھا۔ سولاپور اور ناسک میں دوا فیکٹریاں شروع کرنے کا منصوبہ یروڈا جیل اور پونے کے ساسون اسپتال میں بنایا گیا تھا۔ ناسک پولیس کو اب تک کی جانچ کے دوران ملی معلومات کے مطابق سولاپور ڈرگ فیکٹری میں اب تک اس فیکٹری میں تیار ہونے والی ادویات سے تقریباً 12 سے 15 کروڑ روپے کی کمائی کی گئی ہے۔ اس فیکٹری سے ہر ماہ 70 سے 80 کلو ادویات تیار ہوتی تھیں۔ اس کی فروخت بھی 3 لاکھ روپے فی کلو کے حساب سے ہو رہی تھی ۔ ناسک میں بنی دوائیں ممبئی میں فروخت ہو رہی تھیں۔