پروفیسر سید عین الحسن کے ہاتھوں مانو کے بھوپال کیمپس کا افتتاح

تاثیر،۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 5؍ دسمبر (پریس نوٹ) پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے بھوپال کیمپس کا آج افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھوپال کیمپس کی حیثیت جلد ہی سیٹلائٹ کیمپس کی ہوگی۔6.44 ایکڑ اراضی پر پھیلے ہوئے، بھوپال کیمپس یونیورسٹی کی تعلیمی اختصاص کے حصول میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ تا حال یہ کالج آف ٹیچر ایجوکیشن، بھوپال اور علاقائی مرکز کے طور پر اردو کی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ توسیع محض فزیکل انفراسٹرکچر نہیں بلکہ یونیورسٹی کے لیے تعلیمی اختصاص، ترقی اور جدت کے عزم کی علامت ہے۔ میں حیران ہوں کہ بھوپال کیمپس نے اب تک سیٹلائٹ کیمپس کا درجہ کیوں حاصل نہیں کیا ہے۔ میں بھوپال کیمپس کے معیار کو بہتر بنانے اور اسے سیٹلائٹ کیمپس کی سطح پر لانے کے لیے کوشش کروں گا۔‘‘
وائس چانسلر نے بھوپال شہر میں مقامی کمیونٹی اور مدارس کے ساتھ روابط قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یونیورسٹی کے مینڈیٹ کو پورا کرنے کے لیے اس طرح کے اقدامات ضروری ہیں۔ مقامی عوام اور مدارس کے ساتھ روابط کو فروغ دینے سے، بھوپال کیمپس کو ترقی دی جاسکتی ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے برس نوابوں کے شہر بھوپال میں مانو کا ایک ایک پیشہ وارانہ تربیتی مرکز کھولا جائے گا، جو ہاسٹل، کلاس رومز وغیرہ کی دستیابی سے مشروط ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، مانو کے ریجنل ڈائرکٹر (بھوپال) پروفیسر محمد احسن نے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے مصروف شیڈول سے وقت نکال کر بھوپال کیمپس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپس تعلیم اور اکتساب کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے مانو کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپس ملک بھر میں اپنی نوعیت کے پہلے کیمپس کے طور پر نمایاں ہے، جس کی ترقی کے لیے حکومت نے زمین الاٹ کی ۔
پروفیسر نوشاد حسین، کالج آف ٹیچر ایجوکیشن- بھوپال وسیع تر مینڈیٹ کو پورا کرنے میں اپنے کالج کے اہم کردار کی نشاندہی کی۔ سی ٹی ای بھوپال نے کی اکیڈمک کونسل سے بی۔ایڈ اسپیشل کو متعارف کرانے کی منظوری حاصل کرلی ہے۔ یہ پروگرام، اردو داں طبقہ کے لئے ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے پروگرام کے طور پر ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ مزید برآں، سی ٹی ای، بھوپال بی ایڈ چار سالہ انٹیگریٹڈ پروگرام کو شروع کرنے کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں بیان کردہ اصولوں کے مطابق کالج کو ایک کثیر الضابطہ ادارے میں تبدیل کرنا ہے۔
نظامت فاصلاتی تعلیم کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد رضا اللہ خان نے بھی بھوپال کیمپس کے ذریعہ کی گئی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ وسیع تر سامعین تک پہنچنے اور سب کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے فاصلاتی تعلیم بہت ضروری ہے ۔
افتتاحی تقریب میں بھوپال اور ملک کے مختلف حصوں سے معروف شخصیات نے شرکت کی، جن میں اردو کے معروف شاعر منظر بھوپالی، اقبال مسعود، ڈی جی پی ایم ڈبلیو انصاری، پروفیسر حلیم خان، پروفیسر زرغام حیدر، اور سید مشتاق ندوی شامل ہیں۔