کٹھوعہ میں کان کنی کے قوانین کی خلاف ورزی پر 11 ڈمپر گاڑیاں ضبط

تاثیر،۲۲ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

جموں، 22 دسمبر: ضلع معدنیات افسر کٹھوعہ راجندر سنگھ کی سربراہی میں محکمہ کانکنی کی ایک ٹیم نے آج یہاں کان کنی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معدنیات کی نقل و حمل کے لیے 11 گاڑیوں کو ضبط کیا۔ گزشتہ ایک ماہ سے جاری بڑے پیمانے پر کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے، محکمہ کان کنی نے مائننگ مافیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی رویہ اپنایا ہے۔
یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے جو محکمہ کانکنی کی طرف سے کئے گئے تمام کاموں پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ ضلع سربراہ کی حیثیت سے، انہوں نے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی اوور لوڈنگ کی لعنت کو روکنے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔ بتایا گیا کہ گاڑیوں کو اوور لوڈنگ، بغیر ای-چالان اور جی ایس ٹی بل کے بغیر معدنیات کی نقل و حمل کے لیے ضبط کیا گیا۔
ڈمپرز کو ضبط کرنے کے دوران، ڈی ایم او نے ڈرائیوروں اور خلاف ورزی کرنے والوں سے کہا کہ وہ نالہ، ندیوں، آپریشنل سٹون کرشرز اور دیگر کان کنی کی جگہوں سے صرف جائز دستاویزات کے ساتھ کچا یا تیار معدنیات لے جائیں اور کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضبط کی گئی تمام 11 گاڑیوں کو معمولی معدنیات کے ساتھ متعلقہ پولیس چوکی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔