تاثیر،۲۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دبئی، 20 دسمبر : جے ایس ڈبلیو-جی ایم آر کی شریک ملکیت والی دہلی کیپٹلز نے منگل کو دبئی میں آئی پی ایل منی نیلامی 2024 میں اپنی ٹیم میں دلچسپ تبدیلیاں کیں۔ فرنچائزی نے ہارڈ ہٹنگ ہیری بروک کو 4 کروڑ میں، آسٹریلوی تیز گیند باز جھائی رچرڈسن کو 5 کروڑ میں اور ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ کو 75 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔ دہلی کیپٹلز نے ان کیپڈ ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز کمار کشاگر کو بھی 7.2 کروڑ روپے میںخریدا۔
آئی پی ایل 2024 کے لیے دہلی کیپٹلزٹیم کے بارے میں پوچھے جانے پر ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے کہا،’’ہم نے ان تمام کمیوں کو دور کر دیا جو ہم چاہتے تھے اور مجھے لگا کہ ہم نے نیلامی کی ٹیبل پر بہت اچھا کام کیا ہے۔ میں ہیری بروک کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرجوش ہوں۔ وہ اس وقت سب سے زیادہ باصلاحیت بین الاقوامی کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔ وہ اس سال کی نیلامی میں ہماری اولین ترجیح تھے اور ہم اسے بڑی قیمت پر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔‘‘
اس دوران دہلی کرکٹ کے ڈائریکٹر سورو گنگولی نے کہا، ’’میں شائی ہوپ کو لے کر پرجوش ہوں۔ وہ اسپن کے اچھے کھلاڑی ہیں اور 50 اوور کی کرکٹ میں ان کا بہترین ریکارڈ ہے۔ ہمارا گیند بازی شعبہ اٹیک میں جھائی رچرڈسن کے ساتھ اچھا نظر آرہا ہے۔‘‘
دہلی کیپٹلز نے جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹرسٹن اسٹبس کو 50 لاکھ روپے میں خریدا۔ 23 سالہ کھلاڑی نے 59 ٹی۔20 میں 147.23 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1119 رن بنائے ہیں۔
تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز رکی بھوئی کو 20 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ انہوں نے 62 ٹی ۔20 میں 32.54 کی اوسط سے 1497 رن بنائے ہیں۔
گجرات ٹائٹنز کے ساتھ سخت بولی کے بعد، دہلی کیپٹلس نے وکٹ کیپر بلے باز کمار کشاگر کو 7.2 کروڑ روپے میں خریدا۔ انہوں نے 11 ٹی ۔20 میں آٹھ کیچ اور ایک اسٹمپنگ کی ہے۔ کشاگر کے بارے میں بات کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کوچ پروین آمرے نے کہا،’’دہلی کیپٹلز نے ہمیشہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم دیا ہے۔ ہم نے ریشبھ پنت، پرتھوی شا اور شریس ائر جیسے کھلاڑیوں کو ٹی 20 کرکٹ کھیلنا شروع کرنے سے پہلے سپورٹ کیا تھا۔ اور کمار ایک اور کھلاڑی ہیں جنہیں ہم نے منتخب کیا ہے۔ امید ہے کہ وہ ہمارے لیے کام کریں گے ۔‘‘
اس دوران میڈیم پیسر رسکھ ڈار کو 20 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ انہوں نے 15 ٹی ۔20 میں 27.66 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کی ہیں اور آسٹریلیا کے تیز گیند باز جھائی رچرڈسن، جنہوں نے 85 ٹی ۔20 میں 21.58 کی اوسط سے 112 وکٹیں حاصل کیں، کو 5 کروڑ روپے میں منتخب کیا گیا۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے ساتھ بولی کی شدید جنگ کے بعد ہندوستانی آل راونڈر سمت کمار کو ایک کروڑ روپے میں خریدا گیا۔ انہوں نے 45 ٹی۔20 میں 574 رن بنائے ہیں اور 43 وکٹیں حاصل کیں۔
دہلی کیپٹلس نے ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ کو بھی 75 لاکھ روپے میں خریدا۔ انہوں نے 91 ٹی 20 میں 2132 رن بنائے ہیں اور 40 کیچز اور 8 اسٹمپنگ بھی کی ہے۔ اس دوران اوپننگ بلے باز سواستیک چکارا کو 20 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ انہوں نے 6 لسٹ اے میچوں میں 200 رن بنائے ہیں۔
دہلی کیپٹلس ٹیم اس طرح ہے:
ہندوستانی کھلاڑی: رشبھ پنت، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، ایشانت شرما، پرتھوی شا، خلیل احمد، للت یادیو، پروین دوبے، مکیش کمار، یش دھول، وکی اوسٹوال، ابھیشیک پوریل، رکی بھوئی، کمار کشاگر، رسیکھ ڈار، سمت کمار اور سواستک چکارا۔
غیر ملکی: ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اینریچ نورٹجے، لونگی اینگیڈی، ہیری بروک، ٹرسٹن اسٹبس، جھائی رچرڈسن اور شائی ہوپ۔