تاثیر،۱۰ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 دسمبر: کارگل جنگ میں تاریخی فتح کی یاد میں، بھارتی فوج نے اتوار کو دہلی میں ‘آنر رن-انڈین آرمی ویٹرنس ہاف میراتھن’ کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد بھارتی فوج، اس کے تجربہ کار ساتھیوں اور نوجوانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔ آنر رن میں ملک بھر سے شرکاء نے حصہ لیا، شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کی صلاحیت اور توانائی کو اجاگر کیا۔
نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم سے شروع ہونے والی اس ہاف میراتھن کو فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ آنر رن کا انعقاد چار زمروں میں کیا گیا۔ 21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن کے پہلے حصے کو ‘کارگل رن’ کا نام دیا گیا۔ دیگر تین زمروں میں 10 کلومیٹر کی دوڑ کو ‘ٹائیگر ہل رن’، 5 کلومیٹر کی دوڑ کو ‘ٹولولنگ رن’ اور 3 کلومیٹر کی دوڑ کو ‘بٹالک رن’ کا نام دیا گیا۔ اس تقریب میں 14 ہزار سے زائد حاضر سروس اہلکاروں، سابق فوجیوں، این سی سی کیڈٹ، فوجی جوانوں کے اہل خانہ اور مختلف عمر کے پرجوش شہریوں نے شرکت کی۔
نائب فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار، ایڈجوٹینٹ جنرل اور دیگر اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ تجربہ کار بلیڈ رنر میجر ڈی پی سنگھ اور عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ صوبیدار اویناش سیبلے بھی مشہور شخصیات کے ساتھ دوڑے۔ آرمی وائبز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اے ڈبلیو اے) کی صدر ارچنا پانڈے اور دیگر فوجیوں کی بیویوں نے بھی شرکت کی۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے مختلف زمروں کے فاتحین کو تمغے، اسناد اور پرکشش انعامات سے نوازا۔
بھارتی فوج کی جانب سے کارگل جنگ میں بھارتی فوج کی فتح کے بارے میں معلومات دینے کے لئے ایک نمائش بھی لگائی گئی۔ بھارتی فوج اس شاندار تقریب کی کامیابی کے لئے دہلی کی عوام، سول انتظامیہ، سٹی اور ٹریفک پولیس، تمام شرکاء ، کارکنوں اور معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔

