تاثیر،۲۱ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں، 21 دسمبر: جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کی تحصیل رام نگر کے سورنی گاؤں میں مویشی گھر میں آگ لگنے سے 21 گھریلو جانور زندہ جل گئے۔ حکام نے بتایا کہ مویشی گھر میں آتشزدگی کی واردات گزشتہ شب رونما ہوئی جس میں دو درجن کے قریب مویشی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
یہ مویشی یودھو رام ولد لکھو ساکن سورنی ضلع ادھم پور کے تھے۔ آتشزدگی کی واردات رونما ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اس سے پہلے کہ آگ پر مکمل قابو پایا جاتا مویشیوں کا گھر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا جس کے نتیجے میں چار گائیں، چار بیل، دو بچھڑے اور 15 بھیڑیں جھلس کر ہلاک ہو گئیں۔ مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے غریب کسان یودھو رام کو معاوضہ دینے کی اپیل کی ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

