اردو ڈائرکٹوریٹ کے زیر انتظام چل رہے آن لائن اردو لرننگ کورس کے ساتویں بیچ میں شامل لرنرس سے اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر نے لیا فیڈ بیک

تاثیر،۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ (پریس ریلیز) محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، اردو ڈائرکٹوریٹ، حکومت بہار کے زیر انتظام آن لائن اردو لرننگ کورس کے ساتویں بیچ میں شامل اردو لرنرس سے اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر احمد محمود روبرو ہوئے اور سبھی اردو لرنرس کا آن لائن اردو لرننگ کورس میں استقبال کیا۔ اردو سیکھنے کے تئیں اردو لرنرس کی دلچسپی اور دیرینہ خواہشات پر انہیں مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اردو زبان کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو زبان بہت پیاری اور میٹھی زبان ہے۔ گنگا جمنی تہذیب کی علمبردار ہے۔ سماجی ہم آہنگی پیدا کرنے میں اردو کا اہم رول ہے۔ اردو زبان کسی خاص مذہب یا سماج سے جڑی ہوئی نہیں بلکہ عام ہندستانیوں کی زبان ہے۔ اردو اور ہندی دونوں زبانیں خالص ہندوستانی زبان ہے۔ یہ دونوں زبانیں یہیں جنمی، پلی بڑھی اور پروان چڑھی۔ ا ردو اور ہندی دونوں زبانوں میں کافی یکسانیت پائی جاتی ہے جو دنیا کے کسی دو زندہ زبانوں میں نہیں پائی جاتی۔ ڈائرکٹر موصوف نے کہا کہ دونوں زبانوں میں گرامر کے حساب سے کافی حد تک مماثلت پائی جاتی ہے لیکن لکھنے میں قدر فرق پایا جاتا ہے۔ ہندی اور انگریزی زبان بائیں سے دائیں جانب لکھی اور پڑھی جاتی ہے جبکہ اردو دائیں سے بائیں جانب لکھی اور پڑھی جاتی ہے۔ اردو زبان میں شاعری اوراس کی خاص صنف غزل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غالب ، میراور ساحر لدھیانوی جیسے بڑے قدآور شاعروں کی غزلوں کی وجہ سے شائقین اردو زبان وادب کی طرف مائل ہوتے ہیں۔ اس کی مٹھاس، حلاوت اور کشش کی وجہ سے زبان سے محبت کرنے والے اس کی طرف کھینچے چلے آتے ہیں۔ اردو زبان سیکھنے سے ہونے والے فائدوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اردو زبان سیکھنے سے تلفظ میں بہتری آتی ہے۔ آپ کی زبان پہلے سے خوبصورت اور پرکشش ہوجاتی ہے۔ خوبصورت تلفظ کے ساتھ بولے ہوئے الفاظ اور جملے سامعین کے ذہن ودماغ پر مثبت اثر قائم کرتے ہیں۔ اردو سیکھنے سے پہلے کے مقابلے میں ہندی میں مزید نکھار ہو سکتی ہے۔ اپنے مافی الضمیر کو ادا کرنے میں الفاظ کا ذخیرہ آپ کے پاس ہونے سے مدد مل سکتی ہے اور خوبصورت تلفظ سے آپ کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوسکتا ہے اور پڑھے-لکھے اور تعلیم یافتہ طبقے کے بیچ وقار بلند ہوتا ہے۔ جب گیت، گانوں اور غزلوں کو سنتے ہیں اور اس میں استعمال کیے گئے اردو الفاظ کے معنی سمجھنے میں پریشانی ہوتی ہے تو ہم ان گیتوں اور غزلوں سے پوری طرح لطف اندوز نہیں ہوپاتے ہیں۔ انہوں نے اردو لرنرس کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس جب خالی وقت ہو تو اردو زبان میں نشر ہونے والی خبروں کو دیکھیں اورانہیں سنیں۔ خبروں کے نیچے کلیپنگ چلتی ہے، انہیں پڑھنے کی کوشش کریں۔ اس سے ریڈر کے ذریعہ بولے گئے الفاظ پر آپ کی گرفت ہونے لگے گی۔ مختلف قسم کے الفاظ کو سننے کا موقع ملے گا ا ور ساتھ ہی تلفظ میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ سفر کرتے ہیں تو دوران سفر ریلوے اسٹیشن کا نام ہندی، انگریزی کے ساتھ اردو میں نظرآتا ہے۔ اسے پڑھنے کی کوشش کریں۔ تجارتی علاقوں میں دکانوں کے نام اردو میں نظرآسکتے ہیں۔ ان ناموں کو پڑھنے کی کوشش کریں۔ چھٹی کے ایام میں خاص طورپر اتوارکے دن کسی اردو اخبارکو لے کر کم از کم ان کی سرخیوں کو پڑھنے کی عادت بنائیں۔ اس سے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ ا س موقع پر آن لائن اردو لرننگ کورس میں شامل کئی لرنرس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مشترکہ طور پر سبھی لرنرس نے کورس کے تعلق سے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ محترمہ رچنا پاٹل (آئی اے ایس) نے فیڈبیک دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک بہت اچھا سیکھا ہے۔ کلاس کا فارمیٹ بہت اچھا ہے لیکن غیرمانوس الفاظ کو ابھی پڑھنے میں دشواری کی بات بھی کہی۔جناب سشیل کمار پاسوان ، جناب گنجن، جناب نوین، جناب ونیت کمار اور جناب نرنجن کمارنے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پرآن لائن اردو لرننگ کورس کے انسٹرکٹر حسیب الرحمن انصاری ، محمد حامد، محمد ہاشم اور ٹکنیکل ٹیم کے عملے آفرین انجم اور سیف امن موجود تھے۔