تاثیر،۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 3 دسمبر: راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، ریاستی وزیر ارجن رام میگھوال، ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان اور دیگر معززین نے آج ایوان دستور کے سنٹرل ہال میں سابق صدر ڈاکٹر راجندر پرساد کو ان کے یوم پیدائش پر پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔اتپل کمار سنگھ اور پی سی مودی، بالترتیب لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل نے بھی پھولوں کا ہار چڑھایا۔لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ہندی اور انگریزی میں شائع ہونے والے ڈاکٹر راجندر پرساد کی سوانح حیات پر مشتمل ایک کتابچہ اس پروگرام میں شریک معززین کو پیش کیا گیا۔ڈاکٹر راجندر پرساد کی تصویر کی نقاب کشائی اس وقت کے صدر ہند ڈاکٹر ایس۔ رادھا کرشنن 5 مئی 1964 کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں کیا تھا۔

