تاثیر،۲۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب، 27 دسمبر:اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے ہندوستان میں اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ منگل کو نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والا دھماکہ’دہشت گردانہ حملہ ہو سکتا ہے۔’ یہ ایڈوائزری اسرائیل کے وزیر اعظم کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ منگل کی شام نئی دہلی کے چانکیہ پوری میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایک دھماکہ ہوا اور موقع سے اسرائیلی سفیر کے نام ‘ناشائستہ زبان’ میں لکھا گیا خط برآمد ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے ہندوستان میں رہنے والے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھیڑ والی جگہوں جیسے مالز اور بازاروں میں جانے سے گریز کریں۔ یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ یہودی اور اسرائیلی کے طور پر شناخت شدہ مقامات پر نہ جائیں۔ عوامی مقامات جیسے ہوٹلوں اور پب وغیرہ میں محتاط رہنے کو کہا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ عوام میں اسرائیلی علامتوں کی نمائش سے گریز کریں۔ بڑی تقریبات میں شرکت سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ سفر کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہ کریں۔

