تاثیر،۲۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ملبورن، 28دسمبر: آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے ایک بار پھر مایوس کیا۔ بابر اعظم سات گیندوں پر صرف 1 رن بنا سکے اور پیٹ کمنز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بابر سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کی توقع ہے لیکن ان کا بلا اب تک خاموش ہے۔ پرتھ ٹیسٹ میں بھی بابر اعظم پہلی اننگز میں 21 اور دوسری اننگز میں 12 رنز ہی بنا پائے تھے۔ملبورن ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 318 رنز کے جواب میں عبداللہ شفیق (62) اور کپتان شان مسعود (54) نے دوسری وکٹ کے لئے 90 رنز بناکر کر پاکستان کی امید جگائی تھی، لیکن بابر سمیت دیگر بلے بازوں کی ناکامی نے پاکستانی تیز گیندبازوں کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ بابر کے بارے میں بات کریں تو وہ کمنز کی بیک آف لینتھ ڈیلیوری پر بولڈ ہوگئے۔ اس گیند کے پچ پر لگنے کے بعد یہ تیزی سے اندر آئی اور بابر کھڑے کے کھڑے رہ گئے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز تھا اور وکٹ کیپر بلے باز رضوان 29 رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے اور عامر جمال 2 رنز بنا کر کھیل رہے تھیآج اپنی پہلی اننگز میں پاکستان نے امام الحق (10) کی صورت میں پہلی وکٹ جلد ہی سے گنوادی، لیکن شفیق عبداللہ اور کپتان شان مسعود نے نصف سنچریاں بنا کر اننگز کو سنبھال لیا۔ 124 کے اسکور پر وکٹیں گرنے کا عمل دوبارہ شروع ہوا جب عبداللہ (62) ناتھن لیون کا شکار بنے۔ اس کے بعد ٹیم نے بابر، مسعود، سعود اور سلمان آغا کی وکٹیں گنوائیں۔آسٹریلیا نے آخری سیشن میں پانچ وکٹیں لے کر پاکستانی ٹیم کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔اس سے پہلے دوسرے دن کے آغاز میں تیز گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کے دم پر پاکستان کرکٹ ٹیم نے لنچ سے پہلے آسٹریلیا کی دوسری اننگز 318 رنز پر سمیٹ دی تھی۔ تیز گیند باز عامر جمال نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی دو دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ پاکستان اس وقت تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہے۔