اعظم گڑھ: نیشنل ہائی وے پر کھڑی پک اپ اور کار کی ٹکر، 5 افراد زخمی

تاثیر،۲۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

اعظم گڑھ، 28 دسمبر، :اعظم گڑھ ضلع کے اترولیا ا تھانہ علاقہ کے تیجا پور گاؤں کے قریب جمعرات کی صبح نیشنل ہائی وے پر گووند صاحب کے دیدار کے لیے جا رہے عقیدت مندوں سے بھری ایک کار سڑک پر کھڑی پک اپ سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں کار میں سوار پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کل رات تقریباً 11 بجے قومی شاہراہ پر تیجا پور کے قریب اناج سے لدی ایک پک اپ خراب ہو گئی۔ پک اپ ڈرائیور سڑک پر گاڑی کو کھڑا کر کے چلا گیا۔ جمعرات کی صبح شدید دھند چھائی ہوئی تھی۔ اس میں سدھاری تھانہ علاقہ کے سردار باپو گاؤں کے رہنے والے پانچ افراد اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ جمعرات کی صبح گھر سے ایک کار میں امبیڈکر نگر میں واقع گووند صاحب میلے میں جانے کے لیے نکلے تھے۔ جمعرات کی صبح تقریباً سات بجے جیسے ہی ان کی کار اترولیہ تھانہ علاقے کے قومی شاہراہ پر تیجا پور پہنچی تو ان کی کار سڑک پر کھڑیپک اپ سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں کار میں سوار پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ان کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ زخمیوں میں سے تین کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں اعلیٰ مرکز ریفر کر دیا ہے۔