امریکی ملازمین کا بائیڈن سے غزہ میں فوری جنگ بندی کرانے کا مطالبہ

تاثیر،۱۷ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،17دسمبر: امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین کے بعد محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے درجنوں ملازمین نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ رکوانے کے لیے کرادار ادا کریں۔وزارت برائے ہوم لینڈ سکیورٹی کے 130 سے زائد ملازمین کے وزیر الیجینڈرو میئرکاس کے ذریعے بائیڈن کو ایک پیغام بھیجا جس میں محصور فلسطینی پٹی میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اپنے خط میں انہوں نے کانگریس، امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی، محکمہ خارجہ اور ایگزیکٹو برانچ ایجنسیوں میں اپنے ساتھیوں کی شمولیت کی تصدیق کی جنہوں نے اسی طرح کے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کریں۔’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے غزہ میں ہونے والے واقعات کو کو خاطر خواہ اہمیت نہ دینے پر وزارت داخلہ پر بھی تنقید کی اور الزام لگایا کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کی بھوک اور اس پٹی میں داخل ہونے والی غذائی امداد کی کمی کو دیکھتے ہوئے بھی خاموش ہے۔مکتوب 22 نومبر کی تاریخ درج۔ اس میں ان ملازمین کے ناموں کی وضاحت نہیں کی گئی جنہوں نے کہا کہ وہ وزارت سکیورٹی کے اندر وفاقی ایجنسیوں میں کام کرتے ہیں، جس میں امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ایجنسیاں شامل ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 40 سے زیادہ وفاقی ایجنسیوں کے سینکڑوں سرکاری ملازمین نے بھی گذشتہ نومبر میں بائیڈن پر جنگ بندی کی حمایت کرنے پر زور دیا تھا۔اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کے درجنوں ملازمین نے بھی ایک علیحدہ میمورنڈم میں غزہ کی جنگ کے حوالے سے بائیڈن کی پالیسی پر تنقید کی تھی، اور اسرائیل پر جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے تبدیل کرنے پر زور دیا تھا۔