امیش پال قتل کے ملزم نفیس بریانی کی جیل میں موت ہو گئی

تاثیر،۱۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

پریاگ راج،18؍دسمبر(اے یو ایس): پریاگ راج کے مشہور امیش پال تہرے قتل کیس میں مبینہ طور پر ملوث نفیس بریانی (50) کی اتوار کی دیر رات حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوگئی۔ نفیس کو مافیا عتیق احمد کا بھی قریبی سمجھا جاتا تھا۔ نینی سنٹرل جیل میں بند نفیس بریانی کو اتوار کی شام خرابی صحت کی وجہ سے ایس آر این اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پریاگ راج پولیس کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق، امیش پال ٹرپل قتل کیس میں مطلوب نفیس بریانی کو 22 نومبر 2023 کو پولیس مقابلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر 50 ہزار روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ اتوار کی رات دیر گئے حرکت قلب بند ہونے سے ان کا انتقال ہوگیا۔حملے کے دوران نفیس بریانی کی گاڑی استعمال کی گئی۔ڈاکٹرز کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں موت کی وجہ ہارٹ فیل ہونا ہے۔ پولیس نے پنچنامے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ امیش پال اور ان کے دو سیکورٹی گارڈز پر حملے کے دوران جس کار کا استعمال کیا گیا تھا، وہ مبینہ طور پر نفیس بریانی کی تھی۔امیش پال قتل کیس کے کئی ملزم اب بھی فرار ہیں۔امیش پال قتل کیس سمیت 100 سے زیادہ مجرمانہ مقدمات میں نامزد عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو اس سال 15 اپریل کو پریاگ راج کے کیلون ہسپتال میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ عتیق کی اہلیہ شائستہ پروین، گڈو مسلم، اشرف کی اہلیہ زینب سمیت کئی ملزمان مفرور ہیں۔ پولیس ان ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ایم ایل اے راجو پال کے قتل کیس کے اہم گواہ امیش پال اور ان کے دو سیکورٹی گارڈز کو 25 فروری 2023 کو دن دیہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ امیش پال کی بیوی جیا پال کی شکایت پر دھوم گنج تھانے میں مافیا عتیق احمد، بھائی اشرف، بیوی شائستہ پروین، عتیق کے دو بیٹوں، عتیق کے ساتھیوں گڈو مسلم اور غلام اور دیگر نو ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔