تاثیر،۱۹ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام نگرپالیکا کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ ملنے کے بعد بہت سی امیدیں تھیں، لیکن سہولیات ابھی تک ناپید ہیں، شہر بیت الخلا اور پیشاب خانے کے لئے ترس رہا ہے، ضلع کے اہم دفتر کلکٹریٹ کے آس پاس بھی اس کی شدید کمی ہے۔ لوگ طرح طرح کے ردعمل دے رہے ہیں۔ چند مقامات کے علاوہ شہر میں کہیں بھی پیشاب کی جگہ نظر نہیں آتی، لوگ عام جگہوں پر کھڑے ہوکر پیشاب کرتے نظر آتے ہیں ۔ خواتین پیشاب خانہ نہ ہونے کی وجہ سے اور بھی پریشان نظر آتی ہیں ۔ لوگوں کو اپنے روزمرہ کے کاموں کو انجام دینے کے لئے روزانہ شہر آنا اور ادھر ادھر بھاگنا پڑتا ہے ۔ متذکرہ سلسلے میں لوگوں نے متعدد بار خط و کتابت کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کی توجہ مبذول کرائی لیکن کوئی اثر نہیں ہے تاہم رقم کو دیگر فضول خرچیوں میں ضائع کیا جا رہا ہے، مثال کے طور پر تشہیر بورڈ کو لیں، شہر بھر کی گلیوں اور دفاتر کے نام کے بورڈز لگانے میں کروڑوں روپئے خرچ کیے گئے اور ایک دو سال کے اندر سبھی بورڈ غائب بھی ہو گئے، اب انکے خالی ڈھانچے کا مذاق اڑ رہا ہے ۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ اگر اتنی رقم بیت الخلاء اور پیشاب خانہ بنانے میں خرچ کیا جاتا تو پورے میونسپل کارپوریشن علاقہ میں انتظامیہ کی تعریف ہوتی ۔ پوسٹ آفس چوراہے پر روزانہ ہزاروں کا ہجوم رہتا ہے، روضہ روڈ پر بھی اسپتال ہونے کی وجہ سے روزانہ ہزاروں کا ہجوم رہتا ہے لیکن شہر کے تمام علاقوں میں بیت الخلاء اور پیشاب خانہ نہیں ہے، کچہری موڑ کا بھی یہی حال ہے، دھرم شالا چوک قرب دو پرانے پیشاب خانے ہیں جن میں خواتین داخل نہیں ہو سکتیں ۔ مجموعی طور پر شہر میں بنیادی سہولیات کی بات کی جائے تو لوگ بیت الخلاء اور پیشاب خانہ کے لئے ترس رہے ہیں ۔ میئر انتخاب کے وقت عوام سے کئے گئے وعدے کا تعلق ہے تو موجودہ میئر کی طرف سے ایک نعرہ دیا گیا تھا ‘ بدلو سہسرام بدلیگا سہسرام ‘ انہیں میئر بنے ہوئے تقریباً ایک سال کا عرصہ گزر گیا لیکن اب تک سہسرام نہیں بدلا ۔ ایک بات اور یہ ہے کہ میونسپل کارپوریشن ایریا کی چاروں سمتوں میں ایک بورڈ لگایا گیا ہے جس پر میئر کا نام اور ڈپٹی میئر کا نام بڑے حروف میں لکھا گیا ہے، یہاں ایک اور سوال باقی ہے کہ اب تک میونسپل کارپوریشن میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران ہی طویل مدت تک میونسپل کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں ۔ کچھ دنوں تک ایڈمنسٹریٹر خود ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رہے آسکے باوجود شہر کا چہرہ کیوں نہیں بدل رہا؟ موجودہ میونسپل کمشنر یتندر پال ایک آئی اے ایس افسر ہیں اس لئے لوگوں کی توقعات ہیں لیکن میئر کے ساتھ تنازعہ آڑے آرہا ہے ۔ کچھ لوگ اسے دوسری شکل میں لیتے ہیں ۔ تمام باتیں اپنی جگہ لیکن عام لوگوں کو سہولیات کی ضرورت ہے اور کچھ فراہم نہ کر پانے کا کوئی افسوس نہیں بلکہ ہر کوئی ضروری سہولیات یعنی بیت الخلاء اور پیشاب کی فراہمی پر کام کرانا چاہتا ہے ۔