تاثیر،۲۵ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
بھوپال ، 25 دسمبر: مدھیہ پردیش میں طویل انتظار کے بعد پیر کو ڈاکٹر موہن یادو حکومت کی پہلی کابینہ میں توسیع ہوگئی ہے۔ سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگیہ سمیت 28 وزراء نے راج بھون میں ایک تقریب میں حلف لیا۔ ان میں 18 کابینی وزراء ، چھ وزرائے مملکت آزاد انہ چارج اور چار وزرائے مملکت شامل ہیں۔ گورنر منگو بھائی پٹیل نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیورا اور راجندر شکلا بھی موجود تھے۔
اس سے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو پیر کی صبح تقریباً 9:15 بجے راج بھون پہنچے اور گورنر منگو بھائی پٹیل سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے گورنر پٹیل کو ان ایم ایل اے کے نام سونپے جو وزیر کے طور پر حلف لیں گے۔ راج بھون میں سہ پہر 3.30 بجے منعقدہ تقریب حلف برداری میں نئے مقرر کردہ وزراء نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ گورنر نے سب سے پہلے سینئر لیڈروں کو حلف دلایا۔ ان میں بالترتیب کیلاش وجے ورگیہ ، پرہلاد سنگھ پٹیل ، راکیش سنگھ ، کرن سنگھ ورما ، ادے پرتاپ سنگھ شامل ہیں۔ اس کے بعد دیگر وزراء نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔

