تاثیر،۱۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جالون، 18 دسمبر:اترپردیش کے جالون میں بندیل کھنڈ ایکسپریس وے پر کیتھری ٹول پلازہ کے قریب اتوار کی رات تقریباً 12 بجے سڑک حادثہ میں چار افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں ایک خاتون اور اس کا بیٹا بھی شامل ہیں۔ اس حادثے میں چھ سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس ان کو میڈیکل کالج لے گئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایراج راجہ نے بتایا کہ یہ حادثہ اورئی کوتوالی علاقہ میں پیش آیا۔ موہنا گاؤں کے کچھ لوگ لوڈر میں اورچھا اور دتیا سے پکنک منا کر واپس آ رہے تھے۔ لوڈر کیتھری ٹول پلازہ کے قریب سے گزر رہا تھا۔ پھر بے قابو ڈمپر نے اس کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ایکسپریس وے پر لوڈر الٹ گیا۔ اس حادثے میں دو سالہ معصوم بچے سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ راجہ کے مطابق اس حادثے میں دو سالہ انیرودھ، 28 سالہ پرینکا، 16 سالہ نینسی اور 50 سالہ منی دیوی کی موت ہوگئی۔ آیوش، اکانکشا، ہلاسی، ریتیکا، ارمیلا، وشال اور راجپوت زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد ملزم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔