بنگال میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ، سردی برقرار

تاثیر،۱۴ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 14 دسمبر: میٹروپولیٹن کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کا رجحان اس ہفتے بھی جاری ہے۔ بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی لیکن جمعرات کو اس میں معمولی اضافہ ہوا۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کولکاتا میں ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 15.1 ڈگری سیلسیس ہے جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی معمول سے تین ڈگری کم ہوکر محض 25.4 ڈگری سیلسیس رہ گیا ہے۔اس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔
کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہوگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، پورولیا، بانکوڑہ میں بھی درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 14 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے جس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کالمپونگ میں بھی درجہ حرارت معمول سے تین سے چار ڈگری سیلسیس کم ہے، جس کی وجہ سے وہاں پہلے ہی شدید سردی پڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اس پورے ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آسمان بھی صاف ہے اور درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث سردی مزید بڑھے گی۔ شام ڈھلتے ہی کوہرا چھا رہا ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی ہے۔ ڈرائیوروں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔