تاثیر،۲۳ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
بودھ گیا، 23 دسمبر: ریاست کے بودھ گیا میں مہابودھی مندر میں واقع استوپا کے قریب ہفتہ کی صبح بودھی درخت کے نیچے عالمی امن کے لیے خصوصی پوجا کی گئی۔ اس میں تبتی مذہبی رہنما دلائی لامہ کے ساتھ 33 ممالک سے بدھ مت کے گرو اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
اس دوران دلائی لامہ نے کہا کہ بودھ گیا ایک مقدس سرزمین ہے، جو دنیا کے خاص مقامات میں سے ایک ہے۔ جب وہ بدھ بھومی پر آتے ہیں تو ہر ایک کو سکون ملتا ہے۔ بھگوان بدھ نے اس مقدس سرزمین میں روشن خیالی حاصل کی۔ دنیا بھر سے لوگ یہاں بھگوان بدھ کے درشن کرنے آتے ہیں۔ یہاں سب کو سکون ملتا ہے۔ بودھ گیا دنیا میں ایک خاص جگہ ہے۔
مہابودھی مندر میں عالمی امن کی خصوصی دعا میں مندر کا احاطہ بدھ شرنم گچھامی سے گونج اٹھا۔ بدھ مت کے دانشوران اور عقیدت مندوں نے اپنے اپنے ممالک کی زبانوں میں عالمی امن کے لیے دعا کی۔ عالمی امن کی دعا ہندوستانی زبان سے شروع ہوئی۔ اس کے بعد سری لنکا، میانمار، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، تائیوان، کوریا، ویت نام، تبت، جاپان وغیرہ ممالک کی زبانوں میں عالمی امن کے لیے پوجا کی گئیں۔ تقریباً پانچ منٹ تک مختلف ممالک کی زبانوں میں عالمی امن کے لیے خصوصی پوجا کی گئیں۔
قابل ذکر ہے کہ تبتی مذہبی گرو دلائی لامہ 15 دسمبر کو بودھ گیا پہنچے تھے۔ وہ بودھ گیا کے تبت مندر میں قیام پذیر ہیں۔ دلائی لامہ 26 دنوں کے قیام پر بودھ گیا آئے ہیں۔ اس دوران تبتی مندر سے مہابودھی مندر تک سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

