تمل ناڈو کے چار اضلاع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال، تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل

تاثیر،۱۸ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 18 دسمبر : موسلا دھار بارش نے تمل ناڈو کے چار اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا کردی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ترونیل ویلی، تھوتھکوڈی، کنیا کماری اور تینکاسی اضلاع میں تمام اسکولوں، کالجوں، نجی اداروں، بینکوں اور مالیاتی اداروں میں آج (پیر) کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
تھوتھکوڈی ضلع میں اتنی شدید بارش ہوئی ہے کہ کٹابومن شہر کا بیشتر حصہ زیر آب آ گیا ہے۔ بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ تھوتھکوڈی ریلوے اسٹیشن بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔ ویرودھونگر کے کئی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ضلع کلکٹر نے آج اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
دریں اثنا، ویگئی ڈیم کے نچلے حصے تھینی، ڈنڈیگل، مدورے، شیو گنگا اور رامناتھ پورم سمیت پانچ اضلاع میں سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ویگئی ڈیم کی پانی کی سطح آج صبح 8 بجے 66.01 فٹ (زیادہ سے زیادہ آبی ذخائر کی سطح 71 فٹ) تک پہنچ گئی۔ تمل ناڈو کے جنوبی اضلاع میں اتوار کو شدید بارش ہوئی۔ کنیا کماری سمیت کئی اضلاع کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ اس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
ترونیل ویلی میں تھمیرابرانی ندی طغیانی پر ہے۔ وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ جنوبی تمل ناڈو میں ندیوں کو آپس میں جوڑنے کے منصوبے کے تحت اضافی پانی کو کناڈین چینل میںچھوڑ نے کی ہدایات دی ہیں۔ اسٹالن نے امدادی اور راحت رسانی کے کاموں کی نگرانی کرنے کے لئے وزرا کو سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بھیجا ہے ۔ علاقائی موسمیاتی مرکز نے بلیٹن میں کہا کہ ہفتہ سے جنوبی تمل ناڈو میں زیادہ تر مقامات پر بارش ہو رہی ہے۔