تاثیر،۲۶ دسمبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کے ہیڈکوارٹر سہسرام مفصل تھانہ علاقہ سیتا بیگھہ کے قریب ایک تالاب پر تین نامعلوم مجرموں کے ذریعہ بندوق کی نوک پر ایک شخص سے موبائل فون، نقد رقم کے ساتھ موٹرسائیکل لوٹنے کے معاملے میں آج سہسرام مفصل تھانہ پولس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تیسرا ملزم ابھی تک پولس گرفت سے باہر ہے، پولس اسکی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ آج ڈی ایس پی دلیپ کمار نے بتایا کہ ڈہری مفصل تھانہ علاقہ کے مہادیوا گاؤں کے رہنے والے جواہر سنگھ سے سہسرام مفصل تھانہ علاقہ میں تین نامعلوم مجرموں نے پستول دکھا کر ایک موبائل فون، 2500 روپیے اور ایک ہیرو ہونڈا موٹر سائیکل لوٹ لی تھی ۔ اس سلسلے میں سہسرام مفصل تھانہ میں کیس درج کر تحقیقات کی جارہی تھی تو اطلاع ملی کہ متاثرہ جواہر پرساد کا موبائل استعمال کیا جا رہا ہے جسکی بنیاد پر بگھیلا تھانہ علاقہ کے گوسائی پور گاؤں کے رہنے والے آدتیہ کمار ولد سنیل رام کو دیگر جگہوں سے لوٹے گئے دو موبائل فون کے ساتھ گرفتار کیا گیا اور گرفتار آدتیہ کمار کے کہنے پر جب ذکی بیگہ ڈہری کے امیش رام گھر چھاپہ ماری ہوئی تو وہاں سے متاثرہ جواہر سنگھ کا بھی موبائل فون بھی برآمد ہوا ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ کیس میں دونوں ملزمان نے بھور کمار نامی تیسرے ملزم کے بارے میں بھی معلومات دی ہے جو ذکی بیگھہ کا ہی رہنے والا ہے ۔ واقعے میں لوٹی گئی رقم اور موٹر سائیکل تاحال برآمد نہیں ہوسکی ہے اور تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔

